کپوارہ// ہندوارہ کے زچلڈار راجواڑ علاقے میں والدین اور طلبہ نے سرکاری سکول پر اساتذہ اور جگہ کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا اور سکول کو مقفل کیا ۔زچلڈار راجواڑ کے درونا علاقے میں سرکاری مڈل سکول میں اساتذہ اور جگہ کی کمی کے خلاف زور دار احتجاج کرتے ہوئے سکول کو مقفل کیا ۔والدین کا کہنا ہے کہ اس سرکاری سکول میں اساتذہ کی کمی کی وجہ سے اُن کے بچوں کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ ہے ۔والدین نے بتا یا کہ کئی بار یہ معاملہ محکمہ تعلیم کی نو ٹس میں لایا گیالیکن تا حال انہو ں نے اپنی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جس کے نتیجے میں وہ احتجاج کی راہ اپنانے کے لئے مجبور ہوگئے ۔انہو ں نے بتا یا کہ دور دراز علاقے ہونے کے ناطے یہا ں کے لوگو ں کی فریاد سننے کے لئے کوئی بھی تیار نہیں ہے ۔انہوںنے مزید بتا یا کہ سکول میں جگہ کی سخت قلت ہے اور کئی جماعتیں ایک ہی کمرے میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ موسم ساز گار ہونے کے نتیجے میں ہمارے نہالو ں کو کھلی دھوپ میں تعلیم دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کے صحت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔والدین کا کہنا ہے کہ نئی سکولی عمارت کا کام کئی سال قبل ہاتھ میں لیا گیا تاہم ابھی تک اس کو مکمل نہیں کیا گیا ۔والدین نے محکمہ تعلیم اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور اس سکول کی طرف توجہ دیکر مستقبل مد نظر رکھتے ہوئے اساتذہ تعینات کریں اور سکولی عمارت پر کاکام شروع کریں تاکہ بچو ں کو کسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مقامی نائب تحصیلدار نے موقع پرجاکر والدین اور طلبہ کو یقین دلایا کہ وہ ان کے جائز مطالبات ضلع انتظامیہ کی نو ٹس میں لائیں گے اور ان کو حل کرانے کی کوشش کی جائے گی ۔