کشتواڑ//جے اینڈ کے یونائیٹڈ سکول ٹیچرس ایسو سی ایشن اور جے کے آر ٹی ٹی ایف کے جھنڈے تلے زون اندروال کے اساتذہ نے زیڈ ای او آفس اندروال کے سٹاف کے عامرانہ رویہ کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا ۔احتجاجی اساتذہ نے الزام لگایا ہے کہ کافی وقت سے زونل ایجوکیشن آفیسر اندروال کے سٹاف کا رویہ اطمینان بخش نہیں ہے۔ان احتجاجی اساتذہ کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اپنے کئی چند مطالبات یعنی کہ بعض اساتذہ کے سروس بُک غائب ہونے، آر ای ٹی اساتذہ کی زیرالتوا فائلیں ،کئی ای وئیز جنھیں آر ای ٹی میں منتقل کیا گیا ہے کو 2013 سے اب تک آرڈرز نہیں دینے، 2014سے ایم ڈی ایم کے گاڑی کا کرایہ ادا نہ کرنے پیش کئے تھے۔احتجاجی اساتذہ نے مذکورہ اہلکاروں پر رشوت خوری کا الزام لگایا ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ اُنہیں معمولی دفتری لوازمات کے نام پر حراساں کیا جا رہا ہے۔جے کے آر ٹی ٹی ایف کے زونل صدر غلام حسن بٹ نے کہا کہ دفتر کا سٹاف باقاعدگی سے دفتر نہیں آتا ہے اور زیڈ ای او آفس اندروال کے تمام کلرکل سٹاف کو فوری طور تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔یونائیٹڈ سکول ٹیچرس ایسو سی ایشن کے زونل صدر سندیپ راٹھور نے مذکورہ دفتر سے تمام
تدریسی عملہ کو ڈیٹیچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی سی ای او کشتواڑ سریش شرما ایس ایچ او چھاترو ،زیڈ ای او اور محکمہ تعلیم کے بعض سینئر اہلکاروں کے ہمراہ احتجاجی مقام پر پہنچے اور احتجاج کر رہے اساتذہ کے مسائل کو سُنا ۔اُنہوں نے قصور وار اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے اور مستقبل میں دفتر کی کارکردگی خوش اسلوبی سے چلانے کی یقین دہانی کرائی۔