بجلی ایمنسٹی سکیم میں توسیع کیلئے شکریہ
سرینگر//قانون ساز اسمبلی کے متعدد اراکین نے سرینگر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی اور اَپنے اَپنے حلقوں کے عوامی اور ترقیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے قانون ساز وں میں علی محمد ڈار (چاڈورہ)، ڈاکٹر شفیع احمد وانی (بیروہ)، سیف الدین بٹ (خانصاحب) اور جاوید اِقبال چودھری (بدھل) شامل تھے۔دوران ملاقات اَرکان قانون ساز اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کی توجہ اَپنے حلقہ اِنتخاب سے متعلق مختلف مسائل کی جانب مبذول کروائی جن میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، عوامی خدمات کی فراہمی اور فلاحی سکیموں کی عمل آوری شامل ہے۔ اُنہوں نے عوامی مطالبات کے فوری حل پر زور دیا تاکہ بروقت فائدے عوام تک پہنچ سکیں۔ارکانِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سے ضلع بڈگام کے سیاحتی مقامات توسہ میدان اور دودھ پتھری سیلانیوں کیلئے جلد از جلد کھولنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کی بھی درخواست کی کیوں کہ ان علاقوں میں مقامی آبادی کا روزگار ان سیاحتی مراکز پر منحصر ہے۔قانون سازوں نے بجلی کی ایمنسٹی سکیم کو حال ہی میں جموں و کشمیر بھر کے بجلی صارفین تک توسیع کرنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہزاروں گھروں کو ریلیف دینے کی ایک اہم کوشش ہے جو بروقت بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی وجہ سے اصل رقم پر سود اور جرمانے کی وجہ سے ادائیگی میں دشواری کا سامنا کر رہے تھے۔وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے قانون سازوں کو یقین دِلایا کہ حکومت عوام کے حقیقی مسائل حل کرنے کے لئے پُر عزم ہے اور اُنہوں نے اِنتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے درمیان مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔