عظمیٰ نیوز سروس
جموں //شیوسینا ہندستان (SSH) جموں و کشمیر کے کارکنوں نے ان کے صدر راجیش کیسری کی قیادت میں کول کلیانہ بلاک ارنیا میں پل کی مرمت کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے حکومت کا پتلا نذر آتش کیا اور حکومت سے پل کا تخمینہ لگانے کا مطالبہ کیا۔ اس پل کی حالت انتہائی خستہ ہونے کی وجہ سے یہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے اور اس پر کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا ہے۔اس دوران کیسری نے کہا کہ اس کا تخمینہ جلد از جلد لگایاجائے اور اسے متعلقہ محکمے کو بھجوایا جائے تاکہ پل کی پائیداری کا تجزیہ کیا جاسکے تاکہ جلد از جلد تخمینہ منظور ہوسکے اور حکومت کو معلوم ہوسکے کہ اس کی کتنی قیمت ہے۔کیسری نے مزید کہا کہ اس پل کے اندر اور اردگرد سڑکیں تو بن چکی ہیں لیکن اس پل کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا جو کہ حکومت کی بے حسی اور علاقے کو مسلسل نظر انداز کرنے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ کیسری نے حکومت کو یاد دلایا کہ ابھی چند روز قبل ایک حادثے میں درجنوں افراد شدید زخمی ہوئے تھے جن میں سے کچھ ابھی تک گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام زخمیوں کو جلد از جلد مناسب معاوضہ دیا جائے تاکہ یہ یومیہ اجرت والے مزدور اپنے اہل خانہ کی کفالت کرسکیں اور اپنے بچوں کی فیس ادا کرسکیں اور اس سلسلے میں ایس ڈی ایم سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔