عظمیٰ نیوز سروس
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے سیڈ فاؤنڈیشن اور دی قرآن فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا جو یونیورسٹی کے مستحق طلبہ کے لیے زرِ کثیر خرچ کرتے ہوئے اسکالرشپ کا اہتمام کر رہے ہیں۔مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں سال 2025 کے لیے مستحق طلبہ میں ایم سی ایم اسکالرشپ تقسیم کی گئی۔ جس کی جملہ مالیت ایک کروڑ روپے ہے۔ اردو یونیورسٹی اسکالر شپ یہ رقم سیڈ (امریکہ) اور دی قرآن فاؤنڈیشن کے ذریعہ سے دی جارہی ہے۔ڈین اسٹوڈنٹ ویلفیئر پروفیسر سید علیم اشرف جائسی کے مطابق اس برس اسکالر شپ کے لیے جملہ 2,897 طلبہ نے درخواستیں داخل کیں۔ جن میں سے 1000 طلبہ کا انتخاب میرٹ کم مینز (MCM) اسکیم کے تحت کیا گیا۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والوں میں 697 لڑکے اور 303 لڑکیاں شامل ہیں۔