حیدرآباد// مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے کٹک کیمپس کا کل وزیر اعلیٰ اڈیشہ جناب نوین پٹنائک کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب نوین پٹنائک نے کہا کہ اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے کٹک میں اس تکنیکی ادارے کے قیام کے ذریعہ ایک گراں قدر کارنامہ انجام دیا ہے جو اڈیشہ کے اقلیتی طبقے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اقلیتیں میرے دل کے قریب ہیں اور میں ان کے فلاح و بہبود کے لیے پابند عہد ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز ‘ وائس چانسلر‘ مانو کی درخواست پر مانو کٹک کیمپس کے لیے مزید 5 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ واضح رہے کہ یہ کیمپس وزارت فروغ انسانی وسائل، نئی دہلی سے منظور شدہ ہے اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نے اس کے لیے فنڈس فراہم کیے ہیں۔ مانو کٹک کیمپس میں تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز رواں تعلیمی سال 2018-19 سے ہوچکا ہے۔ مشیر کٹک کیمپس پروفیسر ایم کیو خان نے جلسے کی صدارت کی اور کیمپس سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ ڈین سٹیلائٹ کیمپسس پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ جبکہ ڈائرکٹر کیمپس، ڈاکٹر بی کے مہاپاترا نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وزیر فینانس اڈیشہ جناب ششی بھوشن بہیرا؛ وزیر صحت و قانون جناب پرتاپ جینا ؛ رکن پارلیمان کٹک ایس جے بھرتروہری مہتاب؛ ایم ایل اے بارابتی (کٹک) دیباشیش سمنت رائے نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں چیف انجینئر،سی پی ڈبلیو ڈی جناب آر کے شمی ؛ جناب ایس این رائو، ایگزیکیٹو انجینئر، مانو اور دیگر معززین ‘ تدریسی و غیر تدریسی عملے کے ارکان ، طلبہ و طالبات اور مقامی افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔