حیدرآباد//یومِ آزاد تقاریب کے تحت منعقد کیے جانے والے مختلف علمی وثقافتی پروگراموں کی اہم کڑی کے طور پر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی ماس کمیونکیشن اینڈ جرنلزم بلڈنگ میں مولانا آزاد پر ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے آج سہ پہر اس نمائش کا افتتاح انجام دیا۔ طلبہ نے پینٹنگ ، ڈرائنگ ، اسکیچ ، کولاژ وغیرہ کے ذریعہ مولانا کی زندگی کے مختلف پہلو، اُن کے حیات و خدمات اور تصانیف سے واقف کرانے کی کوشش کی ہے۔ اس نمائش میں یونیورسٹی میں زیر تعلیم ملک کی مختلف ریاستوں کے طلبہ نے اپنی مادری زبانوں جیسے اردو، ہندی ، انگریزی، بنگلہ ، اڑیہ، فارسی اور عربی زبانوں میں بھی پوسٹر س اور پینٹگس تیار کرتے ہوئے مولانا آزاد کو خراج پیش کیا ہے۔