عظمیٰ نیوز ڈیسک
حیدرآباد//ہندوستانی تعلیمی نظام تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہا ہے اور اس میں سماجی علوم کی تحقیق کے دوران سافٹ ویئر کا استعمال لازمی حیثیت کا حامل ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر سنیم فاطمہ، ڈائرکٹر یو جی سی مالیہ مشن ٹیچرس ٹریننگ سنٹر (ایم ایم ٹی ٹی سی) نے کیا۔ وہ پیر کو مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں یو جی سی -ایم ایم ٹی ٹی سی کے زیر اہتمام سہ روزہ تربیتی ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس سے مخاطب تھیں۔ سماجی علوم کے لیے شماریاتی پیکیج (Statistical Package for the Social Sciences) (ایس پی ایس ایس) ورکشاپ میں ملک بھر سے زائد از 45 اساتذہ حصہ لے رہے ہیں۔ جس کو مانو کا یو جی سی – مالویہ مشن ٹیچر ٹریننگ سنٹر منعقد کر رہا ہے۔ پروگرام کا مقصد شرکاء کو ایس پی ایس ایس انٹرفیس اور ڈیٹا مینجمنٹ کو سمجھانا، اعداد و شمار کی جدید تکنیکیں سکھانا، تحقیقی کے سیاق و سباق پر شماریاتی طریقوں کا اطلاق کرنا اور ڈیٹا ویژولائزیشن اور تشریح میں مہارت پیدا کرنا ہے۔ ورکشاپ میں 6 ماڈیولز شامل ہیں اور اس میں شماریات، سوشیل ورک اور بزنس مینجمنٹ کے شعبے کے ماہرین رہبری کریں گے۔کورس کے کوآرڈینیٹر اور اسسٹنٹ ڈائرکٹر، ڈاکٹر معراج احمد مبارکی کے مطابق تین دنوں پر محیط اس ورکشاپ میں ایس پی ایس ایس سافٹ ویئر کے بنیادی اصولوں، وضاحتی اعدادوشمار، پیرامیٹرک اور نان پیرامیٹرک ٹیکسٹس، جدید شماریاتی تکنیک، ڈیٹا ویژولائزیشن اور رپورٹنگ اور تحقیق کے لیے مخصوص ایپلی کیشنز سے متعلق موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔6؍ جنوری سے شروع ہونے والا یہ ورکشاپ 8؍ جنوری تک جاری رہے گا۔