سرینگر//اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائٹیڈ فورم نے11نومبر تک ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے سرکار کو مہلت دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں13نومبر سے منظم اور تالابند احتجاجی مہم چھیڑ دی جائے گی ۔ فورم کے صدر نے کہا کہ اُنکے فیصلے کو سرینگر میونسپل کارپوریشن ایمپلائز یونین اور ایجیک (ق) کی حمایت حاصل ہے ۔اس سلسلے میں اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائیٹیڈ فورم کا ایک اجلاس صدر دفتر واقع بمنہ ہیبٹیٹ سینٹر ڈائریکٹوریٹ آفس میں منعقدہوا ۔اس اجلاس میں ایجیک (ق) کے صدر عبدالقیوم وانی ،سرینگر میو نسپل کارپوریشن ایمپلائز یونین کے صدر محمد مقبول ملک ،ایگزیکیٹیو افسران فورم کے صدر انیس احمد چودھری ایجیک (ق) کے ترجمان ِ اعلیٰ خورشید احمد بٹ ،چیف آر گنائزر فاروق احمد خان ،لیکچررس فورم کے صدر شکیل احمد کے علاوہ وادی کی تمام میونسپل کمیٹیوں اور کونسلوں کے قریب3ہزار ملازمین نے شرکت کی ۔اس موقع پر اربن لوکل باڈیز ایمپلائز یونائیٹیڈ فورم کے صدر منظور احمد پانپوری نے کہا کہ حکومت نے ملازمین کے مطالبات کو پسِ پشت ڈالا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملازمین کے مطالبات کو پورے کرنے کے حوالے سے ریاستی سرکار غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہی ہے جبکہ محکمہ میں سیاسی عنصر نے بقول اُنکے نظام کو درہم برہم کرکے رکھا ہے ۔ اجلاس کے آخر پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس کے تحت حکومت کو الٹی میٹم دیا گیا کہ اگر 11نومبر تک اربن لوکل باڈیز ایمپلائز کے جائز اوت تسلیم شدہ مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو13نومبر سے ریاست گیر سطح پر منظم اور تالابند احتجاجی مہم چھیڑ دی جائیگی۔اس موقع پر15نکاتی مطالبات کے حوالے سے ایک میمو رنڈم بھی جاری کیا گیا ،جس کے تحت سال 2008 میں سرکار سے منظور شدہ آرگنائزیشن و سروس رولز کے تحت میونسپل کمیٹیوں و کونسلوں میں اسٹاف پیٹرن سے ملازمین کی باقاعدگی کو لاگو کرنے اور اس میں خامیوں کو دور کیا جائے ۔ پینشنرس ملازمین کے حق میں رکے ہوئے پینشن کیس اور لیو سیلری کو بغیر رکائوٹ کے حل کیا جائے ۔ ڈیلی ویجر ، کنسلڈیٹ ، کیجول لیبرس خاص کر صفائی کرم چاروں کی مستقلی اور مستقل ہونے تک ان کے حق میں کم از کم ویجز ایکٹ کو لاگو کیا جائے ۔ سینیارٹی لسٹ مرتب کرنے پر ہر ایک ملازم زمرہ جا ت کے خاطر میں لایا جائے ۔ ریاستی اور صوبائی سطح پر ڈی پی سی کا انعقاد عمل میں لایا جائے ۔ سال 2003 سے محکمے میں بھرتی ہوئے غریب بے بس اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی پریشانی کو دور کیا جائے ۔ ہر ایک میونسپل ادارے میں مکمل ڈی ڈی او یعنی چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔ ڈائریکٹوریٹ آفس میں برسوں سے رکے پڑے چھوٹے ملازمین کے ٹائم بائونڈ کیس حل کئے جائیں ۔ میونسپل اداروں میں صفائی کرم چاری عملے کو دور کریں اور ان کی بھرتی اداروں میں مکمل طور پر ضروری آلات کا انتظام کیا جائے ۔ سال 2008 سے محکمہ میں مستقل ہوئے ملازمین کی تنخواہ و یوم اجرت اور جی پی فنڈ واگزار کیا جائے۔ ملازمین کے حق میں 11 فیصد ڈی اے ، جی پی فنڈ اکائونٹس میںجمع کریں۔ محکمہ میں کام کر رہے ملازمین اور سبکدوش ہوئے ملازمین کے اپر ایج اور لور ایج کا مسئلہ حل کیا جائے ۔ وادی کے تمام میونسپل کمیٹیوں و کونسلوں میں کام کر رہے چھوٹے بڑے افسران کے مشکلات کو دور کیا جائے ۔ محکمہ میں کرم چاریوں کی وردی ، جوتے اور تنخواہ میں اضافہ کیا جائے جبکہ محکمہ کے سینئر ملازمین یعنی سر پلس اسٹاف کو ری آرگنائزیشن کے تحت ان کی سینیارٹی کو مد نظر رکھا جائے۔