سرینگر//جمعیت اہلحدیث ترجمان نے کہا ہے کہ ملت اسلامیہ کشمیر کی بدقسمتی ہے کہ اسے ہر صبح وشام اپنے نونہالان کی لاشوں کو کاندھا دینا پڑتا ہے۔ کہیں عادل جیسے ہونہار طالب علم کو خون میںلت پت کرکے ظلم وستم کا شکار بنایا جاتا ہے تو کہیں محلوں کے محلوں ، گھروں کے گھروں کا محاصرہ ، تلاشی کاروائیوں سے مکینوں کا سکون غارت کیا جاتا ہے، کہیں قائدین کی نظر بندی اور کہیں انکی سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کی ناروا حرکتیں ۔ ترجمان نے کہاکہ حد یہ ہے کہ گرمی کی شدت میںجہاں حکمران وادی کی پرکیف فضاﺅں میں لطف اندوز ہونے کے لئے وادی میںڈھیرے جماتے ہیںتو یہاں کی مظلوم خواتین لیڈروں کو جموں کی کال کوٹھریوں میں تڑپا یا جاتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک بلکہ بغیر کسی جرم سال ہا سال تک حبس بیجا میں رکھنا جمہوریت کیلئے سوالیہ ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ایسے میں قوم وملت کے ہر فرد کو اپنے مولیٰ سے لو لگا کر توبہ واستغفار اور اُمت مسلمہ کی زبوں حالی سے نکلنے کی دعائیں کثرت سے کرنی چاہئیںاور ارباب اقتدار کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوںسے باز آنے کا مشورہ دیتے ہوئے فی الفور مسئلہ کے حتمی حل کےلئے بات چیت کی فضا ءہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے اور عید سے قبل سارے قیدیوں کی رہائی ، قائدین کی نظر بندی ختم کرنے اور حقوق انسانی کے احترام کی پاسداری کا مطالبہ دھرایا گیا ہے۔