عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جموں و کشمیر کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ نے ممبران اسمبلی (ایم ایل اے) کے لیے نامزد 90 مہندرا اسکارپیو گاڑیوں کی خریداری کے لیے 14.85 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی ہے۔یہ منظوری 2024-25کے مالی سال کے موٹر گیراج کے سرمایہ اخرجات( کیپیٹل ایکسپنڈیچر) بجٹ کے تحت دی گئی ہے۔ فنڈز، جو گاڑیوں کی خریداری کیلئے ہونگے، ڈائریکٹر، موٹر گیراج کے اختیار میں رکھے جائیں گے۔آرڈر میں کہاگیا ہے کہ ممبران اسمبلی کیلئے یہ گاڑیاں گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس (GEM) پورٹل کے ذریعے جنرل فائنانشل رولز (GFR) 2017 کی تعمیل میں، ای-ٹینڈرنگ کے طریقہ کار اور رسمی کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد خریدی جائیں گی۔آرڈر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فنڈز کو خاص طور پر گاڑیوں کی خریداری کے مقصد کے لئے استعمال کیا جانا چاہیے اور اسے کسی دوسرے استعمال کیلئے تبدیل یا دوبارہ مختص نہیں کیا جانا چاہیے۔ٹرانسپورٹ محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس بات کو یقینی بنائے کہ فنڈز کا کوئی بے کاراستعمال نہ ہو اور اس خریداری کے حصے کے طور پر ڈرائیوروں سمیت کوئی نئی آسامیاں پیدا نہ کی جائیں۔آرڈرکے مطابق ڈائریکٹر، موٹر گیراج کو اس بات کو یقینی بنانے کا کام سونپا گیا ہے کہ خریداری سے متعلق تمام مالیاتی لین دین کو محفوظ اور ضمانت دی جائے، اس کے ساتھ یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ اور ریڈ اکاؤنٹس 31 مارچ 2025 تک جمع کرائے جائیں۔