ایپوہ، 6 مئی (یو این آئی) ہندوستان نے میزبان ملیشیا سے ملی ہار کے صدمے سے نکلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کے ساتھ نیوزی لینڈ کو ہفتہ کو 3۔0 سے شکست دے کر سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔ہندستان پچھلے ورژن میں رنر اپ رہا تھا اور اسے نقرئی ملا تھا۔لیکن اس بار ملیشیا سے آخری لیگ میچ میں 0۔1 سے ہارنے کی وجہ سے ہندستان کو تیسرے مقام کے لیے کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا۔تیسرے مقام کے مقابلے میں ہندستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی کچھ ساکھ بچا لی۔ میزبان ملیشیا نے جاپان کو 3۔1 سے شکست دے کر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔جاپان کی ٹیم چھٹے اور آخری نمبر پر رہی۔ہندستان کی جیت میں ڈریگ فلکر روپندر پال سنگھ نے 17 ویں اور 27 ویں منٹ میں دو گول کئے جبکہ ایس وی سنیل نے 48 ویں اور تلوندر سنگھ نے 60 ویں منٹ میں گول کئے ۔ ہندستان نے لیگ میچ میں بھی نیوزی لینڈ کو 3۔0 سے شکست دی تھی۔ہندستان کو میچ کے آغاز میں مسلسل دو پنالٹی کارنر ملے لیکن ہندستان ان کا فائدہ نہیں اٹھا پایا۔
اس کے بعد مندیپ کے ریورس شاٹ کو کیوی گول کیپر رچرڈ جائس نے بچا لیا۔میچ میں کپتانی کر رہے من پریت سنگھ کی قیادت میں ہندستانی ڈفینڈرز نے مسلسل اپنے قلعہ کو بچائے رکھا اور نیوزی لینڈ کے سیم لین کے شاٹ کو ہندستانی گول کیپر آکاش چکتے نے بچا لیا۔من پریت کے ایک بہترین کراس پر مندیپ سنگھ نے سنہری موقع گنوایا اور پہلا کوارٹر گول بغیر برابری پر رہا۔ہندستان کو دوسرے کوارٹر میں میچ کا تیسرا پنالٹی کارنر ملا اور ڈریگ فلکر روپندر پال سنگھ نے اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے زمین پر چسپاں شاٹ لگایا جو گول کیپر کو ڈاج دے گیا۔روپندر نے گزشتہ میچ میں ملیشیا کے خلاف تین پنالٹی کارنر بیکار کئے تھے لیکن یہاں ان کے شاٹ میں وہی تیزی دکھائی دی جس کے لئے وہ جانے جاتے ہیں۔دوسرا کوارٹر ختم ہونے سے کچھ منٹ پہلے ہندستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور اس وقت روپندر کی فلک پھر نشانے پر تھی اور ہندستان 2۔0 سے آگے ہو گیا۔