محمد تسکین
بانہال// پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بانہال اور ادھم پور میں پیش آئے سڑک کے دو الگ الگ حادثات میں دو افراد ہلاک اور دو شدید زخمی ہوئے ہیں۔ پہلا حادثہ جمعرات کی سہ پہر بعد بانہال ۔ بنکوٹ رابط سڑک پر بنکوٹ پل کے پاس ایک سکوٹی کو پیش آیا جس میں دو مقامی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بانہال قصبہ سے ایک سکوٹی پر اپنے گھر واقع بنکوٹ کی طرف آنے کے دوران ان کی سکوٹی سڑک پر پلٹ گئی اور اس کے دونوں سوار ڈرائیور شوکت احمد وانی ولد منظور احمد وانی اور ریاض احمد وانی ولد مرحوم احمد اللہ وانی ساکنان بنکوٹ سڑک سے نیچے قریب تین سو فٹ گہرے گگڑواہ نالے میں گر گئے۔ مقامی لوگوں نے دونوں زخمیوں کو بانہال ہسپتال منتقل کیا جہاں سے ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر انہیں جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا گیا ۔ بعد میں شوکت احمد وانی کو شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سرینگر جبکہ ریاض احمد وانی کو صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتاہےکہ دونوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔دوسرا حادثہ جمعہ کی دوپہر بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ادھم پور کے بلی نالہ میں اسوقت پیش آیا جب وادی کشمیر سے پنچاب کی طرف جانے والا ایک ٹرک سڑک پر پلٹ گیا ۔ جس کے نتیجے میں ٹرک میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی موت جی ایم ادہم پور لیجانے ہوئے واقع ہوگئی۔ پولیس نے اس واقع میں لقمہ اجل بنے افراد کی شناخت خارجیت سنگھ ولد رگھوبیر سنگھ پٹھانکوٹ پنجاب کے طور کی گئی جبکہ دوسرے شخص کی فوری شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ اس حادثے میں ٹرک سڑک کے ایک ٹیوب کا ٹریفک متاثر رہا اور ٹریفک پولیس نے ٹریفک کو دوسری ٹیوب پر موڑ دیا ۔