۔ 53گاڑیاں ، 8.30کروڑ کی جائیدادیں ضبط،8.45کروڑ کی منشیات بھی برآمد
جموں//جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں سال رواں کے پہلے 10ماہ کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 116مقدمے درج کئے ہیں اور 168افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے ضلع بھر سال رواں کے ماہ جنوری سے ماہ اکتوبر تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کل 116مقدمے درج کئے ہیں جن میں 168افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان میں سے 150کو این ڈی پی ایس ایکٹ جبکہ 18افراد کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس/ پی ایس اے کے تحت حراست میں لیا گیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس دوران سخت اقدامات کے تحت 53گاڑیاں جو منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہو رہی تھیں، ضبط کر دی گئیں جبکہ 10فارمیسی دکانیں ایچ 1ادویات سے متعلق خلاف ورزیوں پر سیل کر دی گئیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ سال رواں کے پہلے 10ماہ کے دوران ضبط شدہ منشیات کی مالیت 8.45کروڑ روپیے ہے جس میں 1.18کلو ہیروئن ،1.13کلو چرس، 160.9کلو خشخاش بھوسہ اور 1.06کلو گانجہ شامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پنجاری علاقے میں 2 کنال 10مرلہ اراضی پر پھیلی غیر قانونی افیون کی کاشت کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ ایک بڑی مالی کارروائی کے تحت منشیات فروشوں کے 56 بینک کھاتے منجمد کر دئے گئے جن میں کل 17لاکھ 59ہزار 8سو 93روپیے موجود تھے اور اس کے علاوہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 8.30کروڑ روپیوں کی جائیدادیں ضبط کی گئیں جن میں 8رہائشی مکان، 2دکانیں،1فلیٹ، 28گاڑیاں، 2سیونگ اکائونٹس اور 12مرلہ زمین شامل ہے ۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ قانونی محاذ پر 41مقدمات میں 52افراد کو سزا سنائی گئی جو اودھم پولیس کی پیشہ ورانہ تفتیش اور قانونی پیروی کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اودھم پور پولیس ضلع سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔