عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور// پولیس نے ضلع ادھم پور میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ روون کی ایک ٹیم نے دودھر پل کے نزدیک ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا جو منوال سے ادھم پور کی طرف جا رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے 5.84گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔ملزم کی شناخت ساحل سنگھ ولد راشپال سنگھ ساکن روون ادھم پور کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ادھم پور میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 399/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ادھم پور پولیس ضلع سے منشیات کی بیخ کنی کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہے ۔
جموں میں4منشیات فروش گرفتار | ہیروئن جیسا مادہ، پنچ کار، بلٹ موٹر سائیکل برآمد
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں (دیہی) پولیس نے چار منشیات فروشوں کی گرفتاری اور ہیروئن نما مادہ، ایک پنچ کار، ایک بلٹ موٹر سائیکل اور ایک الیکٹرانک وزنی پیمانہ کی برآمدگی کے ساتھ ایک اہم کامیابی حاصل کی۔یہ آپریشن ایس پی رورل، ایس ڈی پی او نگروٹہ اور ایس ایچ او تھانہ جھجر کوٹلی کی مجموعی نگرانی میں کیا گیا۔معمول کی گشت کے دوران، پولیس چوکی منوال کی ایک ٹیم، جس کی قیادت اس کے انچارج بھوانی سنگھ نے کی اور دیگر اہلکاروں کی مدد سے، کو مصدقہ اطلاع ملی کہ چار افراد اس علاقے میں ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے کے ارادے سے گھوم رہے ہیں۔ ٹیم نے تیزی سے کام کرتے ہوئے جندرہ روڈ، سیلون کے قریب ایک ناکا قائم کیا۔انہوں نے رجسٹریشن نمبر JK02DP-9627والی ایک پنچ کار اور ایک بلٹ موٹر سائیکل جس کا رجسٹریشن نمبر JK02CQ-7326تھا روک لیا۔ دوران تلاشی ملزم کے قبضے سے تقریباً 8گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔ملزمان میں روہت جموال ولدشمشیر سنگھ، ولد جندرہ، 2.11گرام، ابھیشیک جموال، ولدبرج پال، ساکن جندرہ، 1.55 گرام، اروند سنگھ عرف کاکا، ولدست پال، ساکن جندرہ، 2.23 گرام اور آدتیہ سنگھ عرف ویرو، ولداومکار سنگھ، ساکن جندرہ، 2.23 گرام شامل ہیں۔اس کے مطابق، ایف آئی آر نمبر 134/2025 این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21/22/29 کے تحت مزید تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن جھجر کوٹلی میں درج کیا گیا۔