عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع میں اتوار کو مبینہ طور پر برادرانہ فائرنگ کے واقعے میں دو پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔پولیس عہدیداروں نے بتایا کہ مقتول پولیس اہلکار شمالی کشمیر کے سوپور سے جموں خطہ کے ریاسی ضلع میں سبسڈیری ٹریننگ سینٹر(ایس ٹی سی) تلوارہ جا رہے تھے۔پولیس نے کہاکہ پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں صبح 6.30 بجے کے قریب اودھم پور کے ریہمبل علاقے میں کالی ماتا مندر کے پاس پولیس وین کے اندر پڑی ہوئی دیکھی گئیں۔ایکس پر ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ پولیس سٹیشن رحمبل کو ایک اطلاع ملی کہ سوپور کے دو پولیس اہلکار محکمہ کی گاڑی میں ایس ٹی سی تلوارہ کی طرف سفر کر رہے تھے، گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ برادر کشی اور خودکشی کا معاملہ ہے۔ سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات جاری ہیں۔ایس ایس پی ادھم پور امود ناگپورے نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح 6.30 بجے پیش آیا۔انہوں نے کہا”وہ (پولیس اہلکار)سوپور سے تلوارہ کے ٹریننگ سینٹر کی طرف جا رہے تھے، پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے ہیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ثابت ہوا ہے کہ واقعے میں اے کے 47 رائفل کا استعمال کیا گیا تھا، دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے، تیسرا پولیس اہلکار محفوظ ہے، انہیں پوسٹ مارٹم اور دیگر طریقہ کار کے لیے جی ایم سی ادھم پور لے جایا گیا‘‘۔حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں ڈرائیور کانسٹیبل اور ایک ہیڈ کانسٹیبل کی موت ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ ایک سلیکشن گریڈ کانسٹیبل، جو گاڑی میں سفر کر رہا تھا، محفوظ رہا اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔