عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور//جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کی تحصیل لاٹی کے پونی علاقے میں ایک مکان گرنے کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک 11 سالہ لڑکا پردیپ کمار ہلاک اور ایک 6سالہ لڑکی مونیکا دیوی شدید زخمی ہو گئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ واقعہ دوپہر 3بجے کے قریب پیش آیا جب ایک زیر تعمیر کچے مکان کی دیوار گر گئی جس سے دونوں بچے پھنس گئے۔اشوک کمار کے گھر کی تزئین و آرائش جاری تھی اور مزدور اس جگہ پر کام کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ بچے قریب ہی کھیل رہے تھے کہ اچانک دیوار نے راستہ دے دیا اور وہ ملبے کے نیچے دب گئے۔مقامی افراد اور لواحقین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور بچوں کو ملبے سے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔انہیں فوری طور پرلاٹی کے پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے پردیپ کو مردہ قرار دے دیا۔دوسری جانب شدید زخمی ہونے والی مونیکا کو ابتدائی علاج فراہم کیا گیا اور بعد میں اسے مزید علاج کے لیے ادھم پور کے گورنمنٹ میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔