عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے راجیہ سبھا کو بتایاکہ جموںوکشمیر میں ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ اس مالی سال میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔بی جے پی ممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان کے سوالوں کے تحریری جواب میں وزیر نے کہا کہ 272کلومیٹر کے ریل لنک میں سے 255کلومیٹر مکمل ہو چکا ہے۔ چوہان نے یو ایس بی آر ایل کی موجودہ حالت، تعمیر پر اب تک ہونے والے کل اخراجات اور مستقبل قریب میں ہونے والی رقم کے بارے میں پوچھا تھا۔انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا ریلوے نے ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک پر دریائے چناب پر بنائے گئے دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل پر الیکٹرک انجنوں کا کوئی ٹرائل رن کیا ہے؟۔ راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ نے ریل روٹ کو چلانے کے لئے ٹائم لائن کے بارے میں بھی معلومات طلب کیں۔ان سوالات کے جواب میں ویشنو نے کہا’’جموں و کشمیر میں نئی لائن کا کام ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک (یو ایس بی آر ایل) پروجیکٹ کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ادھم پور سری نگر بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ (یو ایس بی آر ایل) کے کل 272 کلومیٹر میں سے 255 کلومیٹر پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’کٹرہ-ریاسی سیکشن کے 17کلومیٹر لمبائی کے باقی حصہ پر کام شروع کیا گیا ہے۔ پروجیکٹ کی متوقع لاگت 41,000 کروڑ روپے ہے، جس کے مقابلے میں مارچ 2024 تک پروجیکٹ پر 38,931کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں‘‘۔ یہ کہتے ہوئے کہ یو ایس بی آر ایل شاید آزادی کے بعد ملک میں شروع کیا گیا سب سے مشکل نیا ریلوے لائن پروجیکٹ تھا، ویشنو نے مزید کہا کہ یہ خطہ ہمالیہ سے گزرتا ہے، جو کہ ارضیاتی حیرتوں سے بھرا ہوا ہے۔وزیر ریلوے کے مطابق، اس حصے میں بنیادی طور پر سرنگیں شامل ہیں۔ کٹرہ-بانہال سیکشن کے 111کلومیٹر (87فیصد) میں سے 97.42کلومیٹر سرنگوں پر مشتمل ہے اور ایک سرنگ، T-49، 12.77کلومیٹر ہوگی، جو ملک میں سب سے لمبی ریلوے ٹنل ہوگی۔ وشنو نے کہا’’ریلوے نے جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی میں دریائے چناب پر دنیا کا سب سے اونچا ریلوے پل بنایا ہے۔ مشہور چناب پل 1,315 میٹر لمبا ہے جس کا محراب 467میٹر ہے اور دریا کے کنارے سے 359میٹر اونچائی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’انجی کھڈ پر ہندوستانی ریلوے کا پہلا کیبل اسٹیڈ پل تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کے پل کا ڈیک دریا کی سطح سے 331میٹر بلند ہے اور اس کے مین پائلن کی اونچائی 193 میٹر ہے‘‘۔ ریلوے کے وزیر نے کہا کہ چناب پل اور ریاسی سے سنگلدان (46کلومیٹر) کے ایک حصے پر برقی ٹرینوں کے ساتھ ٹرائل چلایا گیا ہے ۔انکا مزید کہناتھا’’چناب پل ریاسی-سنگلدان سیکشن پر بکل اور ڈوگا سٹیشنوں کے درمیان واقع ہے۔ اس منصوبے کے اس مالی سال مکمل ہونے کا امکان ہے ‘‘۔