نیوز ڈیسک
جموں//جموں میں کئی عوامی وفود نے ایل جی سے ملاقات کرکے کئی مسائل سے آگاہ کیا جس دوران لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں سے کہا کہ سرکار ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی ہے اور عوامی مسائل کے ازالہ کو بغیرتاخیرکے حل کیا جائے گا۔ادھم پور کے پی آر آئی نمائندوں کے ایک وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا سے ملاقات کی۔چیئر پرسن ڈی ڈی سی ادھم پور لال چند کی قیادت میں وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو پی آر آئی اور ضلع کے مختلف مسائل بشمول مونگری اور بسنت گڑھ بلاکوں کے اسپریشنل بلاک ڈیولپمنٹ پروگرام سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دِلایا کہ اِستفساری گفتگو کے دوران پیش کئے گئے تمام مسائل کو جلد اَز جلد حل کرنے کے لئے اُٹھایا جائے گا اورحقیقی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔سابق وزیر ڈاکٹر ڈی کے منیال کی قیادت میں گوسوامی شری گورو نابھا داس سماج کلیان پریشد جموںوکشمیر کے ایک وفد نے بھی لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور اُنہیں گوسوامی شری گورونابھا داس جی مہاراج کے 450 ویں پرکاش اُتسو کے اِنتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ریجنل ڈائریکٹراندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی جموں سینٹر،ڈاکٹر سندیپ گپتا نے اسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹرIGNOU ڈاکٹر آشا اپادھیائے کے ہمراہ گورنر کو سرکاری ملازمین کے لئے تعلیمی پروگراموں اور پولیس اہلکاروں کے لئے خصوصی کورسوں کے بارے میں جانکاری دی۔بعد میں حکومت جموںوکشمیر کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ یافتہ اور بانی / ڈائریکٹر ریڈیو شاردا رمیش ہانگلو نے بھی لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ ملاقات کی اور شاردالِپی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔اس دوران ایل جی منوج سنہا نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کے ازالہ کیلئے سرکاری سنجیدگی سے غور کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ عوامی مسائل اور ہر طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کام کررہی ہے ۔