عظمیٰ نیوز سروس
جموں//سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران محکمہ کی کارروائیوں کا جامع جائزہ لیا۔ڈاکٹر یشپال شرما، ڈائریکٹر (کوآرڈینیشن) نیو میڈیکل کالجز جے اینڈ کے نے محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے مختلف پہلوؤں پر ایک پریزنٹیشن پیش کی جس میں صحت کی موجودہ سہولیات، افرادی قوت کی حیثیت، آنے والے بنیادی ڈھانچے، مرکزی اسپانسر شدہ اسکیموں، نئے سرکاری میڈیکل کالجوں کی آپریشنل حیثیت شامل تھی۔سکریٹری نے تمام عہدیداروں کو تاکید کی کہ وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ایمانداری سے کام کریں۔ انہوں نے تمام شعبہ جات کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام الناس کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پوری لگن سے کام کریں۔ڈاکٹر عابد رشید نے ایم ڈی جے کے ایم ایس سی ایل کو ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات میں کسی قسم کی رکاوٹ کو روکنے کے لئے ادویات، تشخیصی اور علاج کی مشینری اور آلات کی بروقت خریداری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ریاستی کینسر انسٹی ٹیوٹ، بون اور جوائنٹ ہسپتالوں اور دیگر صحت کی دیکھ بھال کے اداروں کو چلانے کے لیے ضروری خریداریوں میں سہولت فراہم کرنے پر مزید زور دیا۔صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں ڈیجیٹل مداخلت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سکریٹری نے ضرورت مند مریضوں کے لئے صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کے معیار کو تیز کرنے اور بڑھانے کے لئے ٹیکنالوجی کے لازمی استعمال کی ضرورت پر زور دیا۔میٹنگ میں مختلف سینئر افسران بشمول ڈائریکٹر سکمزصورہ، تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے پرنسپل، مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم ،سی ای او آیوشمان بھارت، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر اور جموں، ڈائریکٹر آیوش، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ایم سی ایچ اور امیونائزیشن، ڈائریکٹر فنانس ایچ ایم ای نے شرکت کی۔