جموںّ //اپنے وقت کی دو عظیم شخصیّات کے یوُمِ وصال پر ادبی کُنج جے اینڈ کے جموّں کی جانب سے گذشتہ روزاِس کے ادبی مرکز کِڈذی پری سکوُل تالاب تِلّو میں موسمِ برسات کے حوالے سے ایک کثیر اللسانی مشاعرہ ’ساون کوی دربار ‘ منعقد کِیا گیا۔ جِس میں ریاست کے مختلف زبان و ادب سے وابستہ قلمقاروں اور شائقین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس ’ساون کوی دربار‘ کی صدارت کے فرائض کشتواڑ سے تشریف لائے اُردوُ کے معروف شاعر عشّاق ؔ کشتواڑی نے کی۔جبکہ خاص طور بھدرواہ سے تشریف لائے اُبھرتے ہوئے جواں سال شاعر ہریش منیؔ مہمانِ خصوُصی تھے۔اِس تنظیم کے آرگنائزر و گلوکار شاعر وید اُپل نے سر انجام دِئے۔نِشست کے آغاز میں تنظیم کے صدر شام طالب کی طرف سے آرٹ کلچر اور لینگویجز کی سرکردہ شخصیّت معروُف شاعر، ادیب ، نقّاد ، مصوّر ، موسیقار اور ادبی کُنج کے بانی گوروُدیو ڈاکٹر او پی شرما سارتھی ؔکے یوُمِ وصال (10ستمبر2002ء) پر اُنھیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی گراں قدر ادبی خدمات پر مفصّل روشنی ڈالی گئی اور ادبی کُنج جموں کی بُنیاد ڈالنے اور اِسے سنوارنے میں اُن کی کوشِشوں کو سراہا گیا۔اِس موقعہ پر مُلک کی سرکردہ سماجی شخصیّت اور معروُف صحافی لالہ جگت نارائن بانی پنجاب کیسری گروپ آف پبلیکیشن کے یوُمِ شہادت پر اُنھیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ادبی کُنج کے چئیرمین آرشؔ اوم دلموترہ نے لالہ جگت نارائین کی شخصیت کے مختلف اہم پہلوؤںکو روشن کِیا۔اور کہا کہ وہ ادبی کُنج جے اینڈ کے جمّوں کے خاص مہربان رہنماؤں میں سے ایک تھے۔اِس سِلسِلہ میں اُن کی شہادت کے بعد 2002ء میں پنجاب کیسری پہلیکیشن ادارے کی طرف سے ادبی کُنج کے صدر شام طالبؔ کو لالہ جگت نارائین ایوارڈ سے سرفراز کِیا گیا۔آج کی نِشست ایک مِلا جُلا’ساون کوی‘ دربار تھا۔ جِس موضوع پر اور متذکرہ دو شخصّیات کی صِفّات میں شعراء نے مختلف زبانوں میںاپنی اپنی مختلف نظمیں اور گیِت پیش کِئے۔اِن شعراء کے اِسمِ گرامی ہیں آرشؔ دلموترہ ،عشّاقؔ کشتواڑی، مالک سنگھ وفاؔ، ہریش منیؔ، او پی شاکرؔ، بِشن داس خاکؔ، کے آر سلگوترہؔ، چمنؔ سگوچ ، سنجیو کُمار، ۔ ایس کے گُپتا، راجیو کُمار،ویدؔ اُؔپل۔فوزیہ مُغل ضیاؔ،راج کملؔ،رومیش راہیؔ،راکیش ترِپتؔ، ونود کاتبؔ اور شام طالبؔ۔ نِشست کا اِختتام چیئرمین آرشؔ دلموترہ کی طرف سے پیش کی گئی شُکریہ کی تحریک سے ہُوا۔