جموںّ// کشمیری شعر و ادب کے سر تاج پیر زادہ غُلام احمدمہجوُرکے 65ویں یومِ وفات (9اپریل 1952ء اور سُر کے جادوُ گر و مہان ادا کار کُندن لعل سہگل کے 114ویں یوُمِ ولادت( 11اپریل 1904ء)کے موقعہ پر سرکردہ کثیر اللثانی ادبی تنظیم ’ادبی کنج جے اینڈکے جموں ‘ کے زیرِ اہتمام اِس کے ادبی مرکزکڈ زی سکول تالاب تِلّو جموّں میں ایک خراجِ عقیدت ادبی نِشست کا اہتمام ہوا۔ جِس میں ریاست کے مختلف حِصّوں سے مختلف زبانوں کے قلمکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اِس خصوُصی نِشست کی صدارت کے فرائض ادبی کُنج کے پرانے کارکُن جگدیش چندر شرما (ریٹائیرڈ چیف انجینئر)نے سر انجام دِئے۔ جو ایک طویل مُدّت کے بعد شریکِ نِشست ہوئے ۔ اِن کے ساتھ ہی تنظیم کے چیئرمین آرشؔ اوم دلموترہ راجپوری اور صدر شام طالبؔ بھی ایوان صدارت کی زینت تھے۔ نِظامت کے فرائض سب رنگ شاعر راج کمل ؔنے انجام د ئے۔ شاعرِ کشمیر مہجوُر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صدرِ تنظیم شام طالبؔ نے اِس موقعہ پراپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہجوُر ہماری ریاست کے ایسے شاعر ہیں جو کشمیری لوگوں کے دِلوں میں ایک خاص مقام بنانے میں کامیاب ہوئے تھے ۔ آپ ایک مختصر وقت میں ایک اِنقلابی شاعر کی صورت میں اُبھر کر سامنے آئے۔ آپ کی شاعری میں پیار و محبّت، دُکھ درد، ہِمّت و حوصلہ ، روحانیّت و یکسانیّت کا سنگم پایا جا تا ہے۔ اِس دوُر میںمرحوم کے ایل سہگل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کی شخصیّت کے مختلف پہلووئں پر چئیر مین تنظیم آرشؔ اوم دلموترہ نے روشنی ڈالی اوراِس بات پر فخر محسوس کِیا کہ سنگیت اور ادا کاری کی اِس مہان شخصیّت کا تعلق جموںکی سر زمین سے تھا۔اِس موقعہ پر نِشست کے دیگر مقرّرین نے بھی اِن عظیم شخصیّات کو خراجِ عقیدت پیش کَیا۔ نِشست کے تخلیقی ادبی دوَر میںکشمیری زبان میںایک خصوصی پیپر شاعرِ کشمیر مہجوُرؔ پر سنتوش شاہ نادان نے پیش کِیا۔جبکہ کے ایل سہگل کی شخصیّت کے مختلف پہلوؤں کو روشن کرتا ہوا ایک اُردوُ پیپر ’ ایک عظیم فنکار کے ایل سہگل‘ عنوان سے آرشؔ اوم دلموترہ نے پیش کِیا۔نِشست کے شعری دوَر کا پہلا حِصّہ طرحی غزل تھاجِس میں اِس ماہ اپریل کے لئے دِئے گئے طرح مِصرع ، ’ مِلے نہ پھوُل تو کانٹوں سے دوستی کر لی‘(ساحر لُدھیانوی) پر طرحی غزلیں خصوُصی طور سے پیش کی گئیں۔ اِس دوَر کے دوسرے حِصّے میں شعراء حضرات نے مختلف زبانوں میں اپنا دیگر کلام بھی پیش کِیا۔ اِس نِشست کے کُچھ شرکاء کے اِسمائے گرامی ہیں۔چیئر مین آرشؔ اوم دلموترہ ،جگدیش چندر شرماؔ، عبدالجبّار بٹ ،ملک فیصلؔ،سنتوش شاہ نادانؔ،فوزیہ مُغل ضِیاؔ،بِشن داس خاکؔ، محمّد باقرصباؔ، معصوُم ؔکِشتواڑی ، رام پال ڈوگرہ پالیؔ، سنجیو کُمار، راج کمل، راجیو کُمار، رومیش راہیؔ، راکیش ترِپت ؔ، وِنود کاتب، راز ؔریاض سوہل ،راجن شمسؔ، اجے کُمار، ایس کے گُپتا پاگلؔ، منظور ؔبڈانہ، ایم ایل گنجوؔ، فرصل اور شام طالبؔ تھے۔ آخر میں نِشست کااِختتام تنظیم کے چیئرمین آرشؔ اوم دلموترہ کی طرف سے پیش کی گئی شُکریہ کی تحریک سے ہُوا۔