سرینگر //سرینگر میں ادارہ فروغ اردو ادب کے اہتمام سے ایک محفل رسم رونمائی ہوٹل جہانگیر میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ادیب و شاعر سلطان الحق شہیدی نے انجام دی۔ اس موقعے پر ریڈیو کشمیر کی سابق ڈائریکٹر اور قلمکار رخسانہ جبین بطور مہمان خصوصی موجود تھیں۔ استقبالیہ خطبہ صحافی امداد ساقی نے پیش کیا جبہ سٹیج سیکریٹری کے فرائض محمد علی شجاع کشمیری نے انجام ددیئے ۔ محفل میں ادیب وشاعر سابقہ ڈپٹی ڈائریکٹر دوردرشن کیندر سرینگر عاشق حسین عاشق کا اردو’’نالہ و نغمہ‘‘ کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔ کتاب پر لٹریچر کے طالب علم سہیل سالم ، ایوب صابر ،سید ذیشان فاضل اور ادیب ستیش ومل اور معروف مصور ارشد صالح نے تبصرے پیش کئے۔ اس موقعے پر رخسانہ جبین نے کہا کہ ادیبوں اور شاعروں کو اپنی تخلیقات کو اجاگر کرنے کیلئے اوروں تک پہنچانا چاہئے تاکہ وہ فیض حاصل کریں۔ صدر محفل شہیدی نے کہا کہ ادیب اور شاعر سماج کی تطہیر کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر شجاع کشمیری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔