سرینگر// ریاست سے شائع ہونے والے اخبارات او ر جرائد میںسرکاری اشتہارات کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کاری کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اشتہاری پالیسی 2016 کے رہنما خطوط کے تحت منظور شدہ پبلی کیشنز کی زمرہ بندی کر رہی ہے۔حکومت نے پہلے ہی جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن( ہیڈ کوارٹر) کی سربراہی میں سرکاری حکم نامہ نمبرID-A/22/2017 بتاریخ13-03-2017 میں درج شدہ معیار کے تحت اخبارات کی زمرہ بندی کے لئے سرکاری پینل تشکیل دیا ہے۔اس ضمن میں محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں اشتہارات کی تقسیم کے لئے درج شدہ اخبارات و جرائد کے مالکان کو مختلف تفاصیل بشمول سرکیولیشن، زبان، عوام تک رسائی، اشاعت کی مدت ، بنیادی ڈھانچہ بشمول پیشہ ور افرادی قوت اور دیگر معیار پیش کرنے کے لئے کہا گیا ہے تا کہ ہر پبلی کیشن کی میرٹ کی بنیاد پر زمرہ بندی کی جاسکے۔متعدد یاد دہانیوں کے بعد اگرچہ منظور شدہ اخبارات نے مطلوبہ اطلاعات فراہم کی ہیں تا ہم چند اخبارات نے ابھی تک مکمل تفصیل پیش نہیں کی ہے۔اس ضمن میں مختلف پبلی کیشنز نے جو اطلاعات محکمہ کے متعلقہ جوائنٹ ڈائریکٹرز کوپیش کی ہیں، انہیں محکمہ اطلاعات ورابطہ عامہ کی سرکاری ویب سائٹ http://www.jkdirinf.in کی نوٹیفکیشن سیکشن پر اپ لوڈ کیا گیا ہے تا کہ متعلقین سے اپ ڈیشن/ اعتراضات طلب کئے جاسکیں۔یہ اپ ڈیشن / اعتراضات7 اکتوبر2017 تک محکمہ کو [email protected] اور[email protected] پر میل کئے جاسکتے ہیں اور مقررہ مدت کے ختم ہونے کے بعد کوئی بھی اعتراض قابلِ قبول نہیں ہوگا اور محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ اخبارات کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلات کی بنیاد پر ہی پبلی کیشنز کی زمرہ بندی کا کام شروع کرے گا۔اخبارات جو مطلوبہ اطلاعات مقررہ مدت کے اندر پیش نہ کرسکیں ، انہیں اشتہارات کے لئے منظور شدہ فہرست سے خارج تصور کیا جائے گا۔واضح رہے476 اخبارات اور جرائد فی الوقت سرکاری اشتہارات کی تقسیم کاری کے لئے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے پاس درج ہیں جن میں271 جموں اور196 کشمیر صوبوں سے شائع ہورہے ہیں۔حکومت نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ میں درج شدہ کشمیر اور جموں صوبوں سے شائع ہونے والے اخبارات اور جرائد کا جائیزہ لینے کے لئے دو الگ سب کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو اس بات کا جائزہ لیں گی کہ آیا یہ اخبارات و جرائد اشتہاری پالیسی2016 کے قواعد و ضوابط کے تحت پورے اُترتے ہیں اور مذکورہ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے منظور شدہ اخبارات و جرائد کو فہرست سے خارج کرنے کی سفارش کریں گی۔سب کمیٹیوں کو منظور شدہ اخبارات و جرائد کو اشتہاری پالیسی2016 کی خلاف ورزی کرنے کے لئے فہرست سے مذکورہ پالیسی کے قواعد6.1 کی روشنی میںخارج کرنے کے اختیارات حاصل ہیں۔