سرینگر// احمد نگر صورہ میں گزشتہ شام شادی کی ایک تقریب میں اس وقت درجنوں مہمان معجزاتی طور پر بچ گئے جب اچانک ایک بوسیدہ چنار کی ایک شاخ گر گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق احمد نگر صورہ میںاتوار کو2گھرانوں کی شادیاں تھیںجس کے دوران انہوںنے نیو مشن اسکول کے نزدیک شامیانے کھڑے کئے تھے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ جب شام کو برات پہنچی اور مہمانوں کیلئے طعام کا انتظام کیا جا رہا تھاکہ اچانک ایک بوسیدہ چنار سے شاخ گر گئی۔جس سے وہاںافراتفری مچ گئی اور لوگ شامیانے سے باہر آگئے تاہم معجزاتی طور پر کسی بھی مہمان کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی گاڑیوں کو نقسان پہنچا۔انہوں نے بتایا کہ کئی بار متعلقہ انتظامیہ کی نوٹس میں یہ بات لائی گئی کہ چنار بوسیدہ ہوچکا ہے اور اس کی شاخ تراشی کی جائے تاہم انتظامیہ نے ہر وقت ان درخواستوں کو نظر انداز کیا۔انہوں نے بتایا کہ بوسیدہ چنار کے نزدیک سکول بھی ہے اور ہر وقت انہیں بچوں کی سلامتی سے متعلق خدشات رہتے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اس بوسیدہ چنار کی شاخ تراشی کی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔