عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// منشیات کی لعنت سے نمٹنے اور منشیات کی سمگلنگ میں معاونت کرنے والے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کیلئے سرینگر پولیس نے نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت تقریباً 60 لاکھ روپے کی رہائشی جائیداد ضبط کی ہے۔پولیس بیان کے مطابق، منسلک جائیداد ایک منزلہ رہائشی مکان پر مشتمل ہے جس کا خسرہ نمبر284/1 شاہ محلہ احمد نگر میں واقع ہے اور 2018 میں حاصل کی گئی اور یہ محمد رفیق پٹو ولد علی محمد پٹو ساکن شاہ محلہ احمد نگرکی ہے۔یہ کارروائی پولیس سٹیشن زکورہ کے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 8/21 کے تحت ایف آئی آر نمبر 16-2024 کے اندراج کے بعد کی گئی ہے۔ملزم ایک بدنام زمانہ منشیات فروش ہے اوربنیادی طور پر مقامی نوجوانوں کو نشانہ بناتا ہے، جس سے صحت عامہ کو شدید خطرہ لاحق ہے۔بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ مذکورہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی سمگلنگ کی رقم حاصل کی گئی تھی۔این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-E اور 68-F کے تحت کارروائی کرتے ہوئے، سرینگر پولیس نے قانونی عمل کے مطابق غیر منقولہ جائیداد کو باضابطہ طور پر ضبط کیا اور اسے منسلک کر دیا، اس میں کہا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر جائیداد کو فروخت، منتقل نہیں جا سکتا۔