سرینگر//حکمران جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے حالیہ احتجاجی لہرکی وجہ سے نوجوانوں کو ہوئے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔پارٹی کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ممبر پارلیمنٹ مظفر حسین بیگ نے کہا’’معیشی شعبہ ،تجارت اور سیاحت کو ہوا نقصان ناقابل تلافی ہے اور کسی کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔اس سماج کے مخالفین کی تنگ نظری کی وجہ سے مشکلات و مصائب عوام پر تھونپے گئے‘‘۔ احتجاج کی وجہ سے نوجوان نسل اور کمسن بچوں کو پہنچے بے پناہ نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بیگ نے تمام فریقین سے التماس کی کہ وہ صورتحال کا بے باک تجزیہ کریں اور موجودہ بے چینی کیلئے ذمہ دار لوگوں کو سامنے لائیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ معیشی پسماندگی ،اصولوں و اقدار کی پسماندگی کے مکروہ عزائم کی وجہ سے پارٹی کو نیچے نہیں جھکایا جاسکتا ہے۔بیگ نے پی ڈی پی کے ٹریک ریکارڈ پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نظام کے خلاف مزاحمت حکمرانی کے اداروں کو نابو د اور فنا کرنے کی کوششیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی حل کی جانب پیش رفت کیلئے سماجی و معیشی ترقی اور لوگوں کی بااختیاری بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔ایک ماہ میں شمالی ،جنوبی و وسطی کشمیر میں منعقدہ پارٹی کنونشنوں میں عوام کی بھاری شرکت کی ستائش کرتے ہوئے پی ڈی پی جنرل سیکریٹری سرتاج مدنی نے کہا کہ عوام کی حمایت سے ثابت ہوگیا کہ پی ڈی پی عوام کی مقبول عام جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ماضی میں اور موجودہ حالات میں نئے عزم کے ساتھ سرخرو ہوکر نکلے گی تاکہ مفتی محمد سعید کے جمہوری اداروں کی بااختیاری ،خود انحصاری کے ذریعے کشمیر مسئلہ کے حل کے نظریہ کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔