جموں//خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین اور قبائلی امور کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ حکومت ریاست میں وزیراعظم اجولا یوجنا کا دوسرا مرحلہ بہت جلد شروع کررہی ہے ۔اس مرحلے کے تحت درجہ فہرست پی ایم اے وائی گرامین کے مستحقین ،انتیو دایا اَنا یوجنا ، جنگلات میں رہائش پذیرلوگ مستفید ہوں گے ۔ان کنبوں کو مفت رسوئی گیس کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔ان باتوں کا اظہار وزیر موصوف نے ایک افسروں کی میٹنگ میں کیا جس میں محکمہ خوراک کے افسران ، تیل کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں حصہ لیا۔وزیر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ بہت جلد متعلقہ مستحقین کی فہرست ترتیب دیں تاکہ حکومت ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں اس سکیم کے دوسرے مرحلے کی شروعات کر سکے ۔وزیر نے مزید کہا کہ وزراتِ پیٹرولیم اور قدرتی گیس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ گرام سوراج ابھیان کے تحت 20 اپریل 2018کو اجوالا دیوس کا انعقاد کریں گے اوراس دن پہلے سے نشاندہی کئے گئے 18600 مستحقین میں نئے ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے جائیں گے۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری خوراک ایم ڈی خان، ڈائریکٹر محکمہ خوراک آر اے انقلابی ، کنٹرولر میٹرولوجی آر کے کٹوچ ، جوائنٹ کنٹرولر وی ایس سمبیال ، تیل کمپنیوں کے نمائندے اور مختلف محکموں کے سینئر افسران موجود تھے۔