اجمیر//اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین حسن چشتی کے 807ویں سالانہ عرس کا اتوار کو روایتی انداز میں آغا ہوا۔درگاہ شریف میں واقع 85فیٹ اونچے بلند دروازے پر بھیل واڑا کے غوری خاندان کے رکن فخرالدین غوری کے ذریعہ عرس کا جھنڈا لہرایا گیا۔امن اور بھائی چارے کا پیغام دینے والے غریب نواز کے سالانہ عرس کے پرچم کی رسم کا سلسلہ لنگرخانہ گلی میں واقع درگاہ کمیٹی کے غریب نواز گیسٹ ہاؤس سے نماز کے بعد جلوس کے طورپر شروع ہوا۔اس دوران درگاہ بازار کے پورے راستے میں عاشقان خواجہ مرد،خواتین ،بچے جھنڈیکی ایک جھلک پانے کیلئے بے تاب نظرآئے۔ جھنڈا چڑھانے کے دوران درگاہ کے پیچھے بڑے پیر صاحب کی پہاڑی سے جھنڈیکو 21توپوں کی سلامی دی گئی جو اس بات کی علامت ہے کہ خواجہ صاحب کا عرس شروع ہوگیا ہے۔اسی کے ساتھ لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے لگ کر عرس کی مبارکباد دی۔جھنڈیکی رسم کے موقع پر غوری خاندان کے دو سو سے زیادہ رشتہ داروں کے ساتھ درگاہ کمیٹی،انجمن سید زادگان،انجمن شیخ زادگان کے نمائندوں ،خادموں کے علاوہ ضلع انتظامیہ اور پولیس انتظامیہ کے افسر موجود رہے۔جھنڈیکی رسم ادائیگی کے موقع پر درگارہ کا احاطہ پوری طرح زائرین اور مقامی لوگوں سے بھرا رہا۔انتظامیہ کی پابندی کے باوجودلوگوں نے جھنڈیکے جلوس پر پیسہ لٹائے اور پرچم کو بوسہ دیا۔قابل ذکر ہے کہ ماہ رجب کا چاند نظرآنے کے ساتھ ہی سات مارچ سے غریب نواز کا سالانہ عرس باقائدہ طورپر شروع ہوجائیگا۔اگرسات مارچ کو چاند نظرنہیں آتا تو پھر آٹھ مارچ سے رسمیں شروع ہوجائیں گی اور خدمت کا وقت بھی بدل جائیگا۔17مارچ کو بڑے قل کے ساتھ عرس باقائدہ طورپر اختتام پذیر ہوگا۔اس سے پہلے نہایت اہم شخصیات (وی وی آئی پی)کی طرف سے چادریں غریب نواز کی بارگاہ میں پیش ہوں گی۔ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے نئی دہلی سے اپنی چادر سونپ دی ہے جسے چھ مارچ کو غریب نواز کی بارگاہ میں پیش کرکے وزیراعظم کی جانب سے ملک میں امن ،خوشحالی اور بھائی چارے کی دعا کی جائے گی۔