۔ 40 گاڑیاںجل کر تباہ، بس میں سوار 5افراد زندہ جل گئے
جے پور//راجستھان کی راجدھانی جے پور میں اجمیرجے پور قومی شاہراہ پر جمعہ کی صبح ایل پی جی اور سی این جی ٹرکوں کے درمیان شدید تصادم کے بعد بھیانک آگ لگ گئی اور40 گاڑیاں اس کی زد میں آ گئیں۔ اس المناک حادثے میں11افراد ہلاک اور35سے زائد جھلس گئے جنہیں فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا۔یہ حادثہ تقریباً صبح 6 بجے پیش آیا۔ تصادم کے بعد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا کر آگ کا شکار ہو گئیں اور پھر یہ آگ تیزی سے پھیل گئی۔ اس حادثے میں ایک بس بھی متاثر ہوئی، جس میں 5افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔آگ کے لگنے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 20-22گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد بھی آگ مکمل طور پر بجھائی نہیں جا سکی۔ حادثے کے نتیجے میں 40گاڑیاں جل کر تباہ ہو گئیں اور ان میں سے بیشتر گاڑیاں اس وقت تک آتش زدہ ہو چکی تھیں جب فائر بریگیڈ نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ایک کلومیٹر کے علاقے تک گاڑیوں کی تباہی ہوئی ہے اور جلی ہوئی گاڑیاں سڑک کے کنارے نظر آ رہی ہیں۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ سی این جی ٹینکر غلط سائیڈ سے آ رہا تھا اور ایل پی جی ٹرک سے ٹکرا گیا۔ اس ٹکر کے بعد بڑی تباہی ہوئی اور پانچ افراد کی لاشیں بس سے نکال لی گئی ہیں۔ زخمیوں کی تعداد 40سے زیادہ بتائی جا رہی ہے اور انہیں فورا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔جے پور کے ضلع مجسٹریٹ جتیندر سونی نے کہا کہ اس حادثے میں 40 گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آئیں۔ فائر بریگیڈ اور ایمبولنس موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور صرف 1-2 گاڑیاں بچی ہیں جن میں آگ ابھی تک لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً 23-24 افراد زخمی ہیں اور انہیں فوری علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اس حادثے کے بعد راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے اس پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ایس ایم ایس ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی حالت جانی۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جے پوراجمیر قومی شاہراہ پر گیس ٹینکر میں آگ لگنے کی افسوسناک خبر نے دل کو بہت رنجیدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ فورا ہی اسپتال میں جاکر ڈاکٹروں کو ضروری طبی سہولتیں فراہم کرنے اور زخمیوں کی بہتر دیکھ بھال کیلئے ہدایات دی گئیں۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ مقامی انتظامیہ اور ایمرجنسی خدمات بھرپور طریقے سے کام کر رہی ہیں اور ان کی دعا ہے کہ مرنے والوں کی روح کو سکون پہنچے اور غمزدہ خاندانوں کو اس دکھ کو برداشت کرنے کی قوت حاصل ہو۔ اس کے علاوہ، وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی تمام ایمرجنسی خدمات کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا تھا اور انتظامیہ اس وقت بھی بچا اور امدادی کاموں میں مصروف ہے۔
مودی کا اظہار رنج
یواین آئی
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے جے پور اجمیر شاہراہ پر پیش آئے حادثے پر دکھ کا اظہار کیا۔مودی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف سے 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو50000 روپے کی مالی مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او)نے ایکس پر پوسٹ کیا راجستھان میں جے پوراجمیر شاہراہ پر ہوئے حادثے میں جانوں کی تلافی پر گہرا دکھ ہوا۔ان لوگوں سے تعزیت جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا،زخمیوں کی جلد صحت یابی ہو ۔ مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کی مدد کر رہی ہے ۔ پی ایم این آر ایف سے ہرمرنے والے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپئے کی مالی مدد دی جائے گی ۔ زخمیوں کو50000 روپے دئے جائیں گے ۔