سرینگر// کورونا وائرس سے پیدا صورتحال کے نتیجے میں جموں کشمیر سرکار نے جمعہ کے روز سالانہ دربار منتقلی کے سلسلے میں ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سیول سیکریٹریٹ اور اس سے منسلک دیگرسرکاری دفاتر کھلنے کو15جون تک ملتوی کردیا۔
اس سال سالانہ دربار منتقلی کے تحت ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں سرینگر کے اندر سیول سیکریٹریٹ اور اس سے منسلک دفاتر کا کھلنا طے تھا ۔
تاہم ایک سرکاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سرینگر میں سیول سیکریٹریٹ جزوی طور پر کام کرنے کیلئے4مئی کو کھلے گا۔
یاد رہے کہ پہلے ہی لئے گئے ایک فیصلے میں یہ بتایا گیا ہے کہ اس سال جاری صورتحال کو دیکھتے ہوئے جموں اور سرینگر، دونوں شہروں کے اندر سیول سیکریٹریٹ کام کریں گے اور دونوں صوبوں کے ملازمین 'جو جہاں ہے، وہیں کام کرے گا“ کے اُصول پر عمل پیرا ہونگے۔