اشتیاق ملک
ڈوڈہ //محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق اتوار کو ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں متعدد مقامات پر پسیاں گرنے، زمینیں دھنسنے و پہاڑی کھسکنے کے واقعات پیش آئے جبکہ سب ڈویژن گندوہ میں ایک درجن کے قریب رہائشی مکانات و دوکانات منہدم ہوئے. اطلاعات کے مطابق اتوار کو صبح سے ہی ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ ،ایڈیشنل ضلع بھدرواہ ،سب ڈویژن ٹھاٹھری و دیگر مضافات میں وقفے وقفے سے بارشیں جاری رہیں جس کے نتیجے میں عام زندگی متاثر ہوئی. حالیہ دنوں کی تباہ کن بارشوں سے بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ میں درجنوں رہائشی و غیر رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں اور سینکڑوں غیر محفوظ بن گئے ہیں. اس دوران پانی و بجلی نظام کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے جس کے نتیجے میں بھدرواہ، ٹھاٹھری ،گندوہ بھلیسہ کے کئی دیہات چھ روز بعد بھی بجلی و پانی سے محروم رہے. اس دوران ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ ،بھدرواہ ڈوڈہ و ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر متعدد مقامات پر پسیاں و پتھر گر آئے ہیں اور رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئی ہیں. اتوار کو بھلیسہ کے گاؤں کلہوتران ،گھنشانہ و گوہا میں 3 رہائشی مکانات منہدم ہوئے. اے سی آر ڈوڈہ اشرف پرویز نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہوئی تباہ کن بارشوں سے ہوئے نقصانات کی مکمل رپورٹ اگلے دو روز میں تیار ہو گی. انہوں نے کہا کہ سبھی مشینری کو متحرک بنایا گیا ہے اور متاثرین کی نشاندہی کر کے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی. اے سی آر نے مزید کہا کہ ضلع میں پانی، بجلی و سڑک نظام کی بحالی کام جاری ہے.