بانہال // ہفتے کے روز بحال کی گئی جموں سرینگر شاہراہ پر آج بھی جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت تھی اور آج سینکڑوں مال ، مسافر اور ایندھن بردار گاڑیوں کو ادہمپور اور جموں سے وادی کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی۔ ہفتے کے روز شاہراہ کو دو دن بعد بحال کرنے کے بعد شاہراہ پر رام بن اور چندرکوٹ میں دو روز تک درماندہ سینکڑوں مسافر اور الیکشن ڈیوٹی کیلئے کشمیر آرہی سیکورٹی گاڑیوں کو ترجیح بنیادوں پر چھوڑ دیا گیا تھا اور جموں اور ادہمپور سے مزید کسی قسم کی ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ ٹریفک ذرائع نے آج شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کے روز جموں اور ادہمپور میں کئی روز سے درماندہ ٹریفک کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجات دی گئی جن میں سینکڑوں مال اور مسافر بردار گاڑیاں شامل تھیں تاکہ وادی کشمیر میں غذائی اجناس ، سبزیوں ، پیٹرول اور دیگر اشیا کی کمی واقع نہ ہو پائے۔ انہوں نے کہا کہ آج سینکڑوں کی تعداد میں مال ، مسافر اور ایندھن بردار گاڑیوں نے شام تک جواہرٹنل کو پار کیا تھا اور یہ سلسلہ شام دیر تک جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ٓاج یعنی پیر کے روز موسم اور سڑک کی بہتری کی صورت میں شاہراہ پر وادی کشمیر سے جموں کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی۔