سرینگر //آزادی پسند قائدین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے حزب المجاہدین کے عسکری کمانڈر سبزار احمد اور اس کے دوسرے ساتھیوں اور رام پور سیکٹر میں جاں بحق کئے گئے مزید 6نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نہتے شہریوں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال کرنے اور سینکڑوں کو زخمی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 28/29؍مئی اتوار و سوموار کو پوری ریاست میں ہڑتال کرنے اورجاں بحق ہوئے عسکریوں کو خراج پیش کرنے کے لیے 30؍مئی منگل کو ترال میں ایک عظیم الشان تعزیتی جلسہ منعقد کرانے کی کال دی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ مجوزہ تعزیتی جلسے میں شرکت کے لئے ہر قریہ اور ہر گاؤں سے لاکھوں کی تعداد میں مقررہ تاریخ پر ترال پہنچ جائیں اور عسکریوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا عملی مظاہرہ کریں۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ ترال میں عسکری معرکہ پیش آنے کے بعد فوج اور پولیس نے جس طرح سے اندھا دھند گولیاں اور پیلٹ چلاکر سینکڑوں نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا اور تادم تحریر ایک شہری کو شہید بھی کیا گیا، اس کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ہڑتال بُلانا ناگزیر بن گیا ہے اور ریاستی دہشت گردی کے اس مظاہرے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔آزادی پسند لیڈروں نے جاں بحق ہوئے سرفروشوں کو شاندار الفاظ میں یاد کیا اور کہا کہ یہ اپنی قوم کے ’’کل‘‘ کے لیے اپنے ’’آج‘‘ کو قربان کررہے ہیں اور اپنی اٹھتی جوانیاں اور خوبصورت خواب نچھاور کررہے ہیں۔ ان کو خراج پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کی حفاظت کرنا ہم پر فرض ہے اور یہ ہماری ملی اور قومی ذمہ داری بھی ہے۔