جموں // ریاستی سرکار نے سیکورٹی فورسز کی آمد و رفت کے پیش نظر سرینگر جموں شاہراہ پر ہفتے میں 2دن بارہمولہ سے ادہمپور تک ہر قسم کا ٹریفک مکمل طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ان احکامات کا اطلاق31مئی تک جاری رہے گا۔ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارلیمانی انتخابات اور سیکورٹی فورسز کانوائے پر ممکنہ فدائین حملوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ریاستی سرکار نے ہفتے میں دو دن متعین کئے ہیں جس دوران سرینگر سے جموں کیلئے صرف سیکورٹی فورسز کی آمد و رفت ہوگی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان 2دنوں کے دوران کسی قسم کے سیول ٹریفک کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔بیان میں کہا گیا ہے ’’ عام شہریوں کو پیش آرہی مشکلات کے پیش نظر ریاستی سرکار نے ہفتے میں 2دن(اتوار اور بدھ) کو سیکورٹی فورسز کی کانوائے کیلئے خصوصی طور پر رکھے ہیں، اور ان 2دنوں کے دوران شاہراہ پر صبح 4بجے سے شام 5بجے تک عام ٹریفک پر مکمل پابندی ہوگی۔یہ پابندی بارہمولہ سے ہوتے ہوئے سرینگر،قاضی گنڈ،جواہر ٹنل،بانہال،اور رام بن کے علاوہ ادہمپور میں ہوگی۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ریاستی سرکار نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اگر کسی ہنگامی صورتحال میں سیول ٹریفک کا چلنا ضروری بن جائے گا، تو مقامی انتظامیہ اور پولیس اس ضمن میں لازمی قواعد و ضوابط کی عمل آوری کریں گے جس طرح کرفیو کے ایام میں کیا جاتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے لتہ پورہ حملہ کے بعد جنوبی کشمیر کا دورے میں کہا تھا کہ فوجی کانوائے کے دوران کسی قسم کے ٹریفک پر چلنے کی پابندی ہوگی۔اسکے علاوہ چند روز قبل 30مارچ کو بانہال میں سیکورٹی فورسز کانوائے پر ممکنہ فدائین حملہ کیا گیا تھا۔