علی گڑھ// اتر پردیش پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سلکھان سنگھ نےکل اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئی صاف طور پر کہا کہ اتر پردیش میں جرائم کی وارداتیں ہوتی رہی ہیں اور ہمیشہ ہوتی رہیں گی ان کا خاتمہ نہیں ہو سکتا اور جرائم کی وارداتوں کے خاتمہ کی بات بے بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ صوبہ میں نظم و قانون کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔مسٹر سلکھان سنگھ یہاں گاوں انڈلائ میں پولیس ٹریننگ اسکول کھولنے کے حکومت کے احکامات کے مد نظر زمینی معائنہ کرنے کی غرض سے آئے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اتر پر دیش میں غنڈے مافیاوں پر لگام کسنے کا کام پولیس نے کیا ہے،زمینوں کے ناجائز قبضہ کرنے والوں پر بھی پولس نے کاروائی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں خوف کے ماحول میں بہت حد تک کمی آئی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ میں امن و قانون بہت حد تک بحال ہوا ہے۔ سہارنپور کے حالات پر انہوں نے کہا کہ وہاں کے حالات بھی بہتر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہے۔ادھر اترپردیش کانگریس کمیٹی کا کہنا ہے کہ اتر پردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل سلکان سنگھ کی طرف سے علی گڑھ میں دیا گیا بیان کہ ریاست میں جرائم ہوتے رہے ہیں اور آگے بھی ہوتے رہیں گے ، ریاست کے قانون کی قلعی کھولتا ہے۔