عظمیٰ نیوز سروس
بھدوہی ( اُترپردیش)//جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن نے اُتر پردیش کے بھدوہی میں اِنڈیا کارپٹ ایکسپو کے 45 ویں ایڈیشن میں حصہ لیاجو کارپٹ ایکسپورٹ پروموشن کونسل (سی اِی پی سی) کے زیر اہتمام ایک فلیگ شپ بی ٹو بی ایونٹ ہے۔ ایکسپو کا اِفتتاح اُتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا۔وزیر اعلیٰ نے اِفتتاحی تقریب کے دوران جموں کشمیر کے نمائش کنندگان سے بات چیت کی اور ہاتھ سے بنے ہوئے ریشم اور اونی قالین کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے برآمدات کو فروغ دینے کے لئے جموںوکشمیر میں قالین کی صنعت کے اہم کردار پر زور دیا۔ اُنہوں نے ترقی پذیر صنعتی ماحولیاتی نظام اور جموں کشمیر کے جی آئی ٹیگ شدہ مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے نمائش کنندگان نے اِس تقریب میں مختلف قسم کے منفرد اور جی ٹیگ شدہ ریشمی قالین اور اونی قالین کی نمائش کی۔جموںوکشمیر کے قالین کے برآمد کنندگان کے ساتھ خصوصی میڈیا بات چیت کا اِنعقاد کیا گیا تاکہ ہاتھ سے بنے ہوئے قالین کی صنعت کو بااِختیار بنانے میں موجودہ پیش رفت اور ان کی کامیابی کی داستانوں کو سمجھا جاسکے تاکہ جموںوکشمیر یوٹی کے زیادہ سے زیادہ کاروباری اَفراد کی حوصلہ اَفزائی کی جاسکے۔