جموں// اتر پردیش کے علی گڑھ ضلع کے تپل قصبے کے قریب یمنا ایکسپریس وے پر ایک سڑک حادثے میں جموں کے3یاتریوں کی موت ہو گئی، اور2 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار بس نوئیڈا کی طرف جا رہی ایک کار سے ٹکرا گئی، جس سے وہ اُلٹ گئی۔ مہا کمبھ میں شرکت کے لئے گئے ہوئے جموں کے یاتری پریاگ راج سے جموں واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت 67سالہ پدم ساکنہ نانک نگر، 50سالہ یودھویر اور65سالہ ساویتا ساکنان تریکوٹہ نگرجموں کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں71بلدیو راج شرما اور 48سالہ ریتوگپتاساکنان تریکوتا نگر شامل ہیں۔ جن کوعلاج کے لیے نوئیڈا کے کیلاش اسپتال منتقل کیاگیا۔ حکام نے بتایا کہ کار، جس کا جموں رجسٹریشن نمبر تھا، بلدیو راج شرما کے نام پر رجسٹرڈ تھا۔ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جب کہ جاں بحق افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔