سرینگر//سابق مرکزی وزیراور پردیش کانگریس رہنما پروفیسر سیف الدین سوزنے اترپردیش میں یادو،جاٹ،دلت ،کانگریس اور اقلیتوں کے مضبوط اتحاد کو ملک کے سیکولر سماج کیلئے قوت قرار دے کر اس اتحاد میں شامل اکھیلیش یادو،مایاوتی،اجیت سنگھ اور کانگریس کو مبارکباد دی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد ملک کیلئے ایک درخشان مستقبل کی راہ روشن کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ بات سب کو معلوم ہے کہ اترپردیش ملک کی سب سے بڑی ریاست ہے اور یہاں سے 85ارکان پارلیمان منتخب ہوتے ہیں۔اب اتر پردیش میں ایسے سیاسی حالات ہیں کہ اس نے پورے ملک کے سیکولر کردار کو مستحکم بنانے کااشارہ دیا ہے ۔اکھیلیش یادو،مایاوتی ،اجیت سنگھ اور کانگریس اور اقلیتوں نے مل کر طے کیا ہے کہ وہ2019کے عام انتخابات میں صرف ملک کے سیکولر سماج کو مضبوط کریں گے جس سے بھارت کی ترقی کانیا باب رقم ہوگا۔کانگریس پارٹی اترپردیش اتحاد میں پیش پیش ہے کیونکہ کانگریس کی قیادت نے پہلے ہی سیکولر قوتوں کو مضبوط بنانے کا عندیہ دیا ہے۔سیاسی مبصرین نے اس اتحاد کوبھارت میں ابھرنے والی مضبوط سیکولرقوت قراردیا ہے جس کا اثرونفوذ پورے ملک پرہوگا۔