عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// اتراکھنڈ کے کسانوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہے۔ پہلی بار اتراکھنڈ حکومت نے پوڑی گڑھوال سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کو 1.2 میٹرک ٹن سیب برآمد کیا ہے۔ یہ ایک تاریخی قدم ہے جس کے بعد اب سمندر کے راستے 8 میٹرک ٹن اضافی سیب بھیجنے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام نے اتراکھنڈ کے سیب کے کاشتکاروں کے لیے بین الاقوامی منڈیوں کے دروازے کھول دئے ہیں۔یہ برآمد زرعی اور پراسیسڈ فوڈ پراڈکٹس ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (APEDA)نے کی تھی۔ اے پی ای ڈی اے کے عہدیداروں نے کہا کہ یہ ایک طرح کا امتحان تھا کہ یہ دیکھنا تھا کہ اتراکھنڈ کے سیب بین الاقوامی بازار میں کیسی کارکردگی دکھاتے ہیں۔اس آزمائشی کھیپ میں’ اتراکھنڈ کے مشہور‘کنگ روٹ‘قسم کے سیب بھیجے گئے، جو اپنی کرکرا ساخت، عمدہ ذائقہ اور قدرتی مٹھاس کے لیے مشہور ہیں۔ حکام کا کہنا تھا کہ اگر یہ ٹیسٹ کامیاب ہوتا ہے تو مستقبل میں اس میں توسیع کی جائے گی۔گڑھوال کے ایم پی انیل بلونی نے اس کامیابی کو گڑھوال اور پورے اتراکھنڈ کے لیے فخر کی بات قرار دیا۔