سرینگر//لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے اتحاد اور یکسوئی کی وکالت کرتے ہوئے ان کو کامیابی کی کنجیاں قرار دیا ہے۔سرینگر کے آنچار صورہ میں نماز جمعہ کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے محمد یاسین ملک نے نااتفاقی اور انتشارکو سم قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کیلئے اتحاد ہی زینہ ہے۔ اشفاق مجید وانی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے محمد یاسین ملک نے کہاکہ مرحوم نے جموں کشمیر کی تاریخ کو بدل دیا اور آزادی و حق خود اختیاری کیلئے ایک عظیم عوامی انقلاب کی داغ بیل ڈالی۔انہوں نے اشفاق مجید وانی کو ایک پیدائشی سالار قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی کی زندگی کا ایک ایک لمحہ انکی پیدائش سے لیکر موت تک انکے پیدائشی سپہ سالاہونے کا بین ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا ’’ 1990کے عوامی انقلاب کی بہت ساری خوبیوں میں سے ایک اہم خوبی اس میں کشمیریوں کا بے مثال اتحاد و اتفاق تھا اور دنیا نے دیکھ لیا کہ کیسے لاکھوں کشمیریوں نے سڑکوں پر آکر ایک آواز اور لہجے میں آزادی اور حق خود رادیت کی مانگ کی‘‘۔فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ اتحاد و اتفاق اور یکسوئی کا یہی نظریہ جسے اشفاق مجید وانی نے اپنے پیچھے چھوڑا تھا آج بھی اہم اور بنیادی ضرورت ہے اور لبریشن فرنٹ کا بنیادی اثاثہ اور متاعِ عزیز ہے۔فرنٹ چیئرمین نے شبیر احمد صدیقی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک انقلابی ذہن رکھنے والے عالم تھے اور انہی صلاحیتوں اور علم و فراست کے بل پر وہ تاریخ کشمیر پر انمٹ نقوش رقم کر گئے۔ انہوںنے کہا کہ آزادی کیلئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ صدیقی کی علمی، دینی اور سماجی خدمات بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ کشمیری اسیروں پر جیلوں میں ڈھائے جارہے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یاسین ملک نے کہا کہ سرکار نے کشمیری اسیروں کی زندگیوں کو اجیرن بنارکھا ہے اور دنیا بھی اس صورت حال پر خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ انٹرنیشنل ریڈ کراس اور دوسرے عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے اس ضمن میں مداخلت کرکے کشمیری اسیروں کی زندگیاں بچانے کی اپیل کرتے ہوئے یاسین ملک نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں ۔ اس دوران محمد یاسین ملک کی قیادت میں درگاہ میں جان بحق فرنٹ لیڈروں کی یاس میں فاتحہ خوانی منعقد ہوئی،جس کے دوران شہدائے کشمیر کے حق میں دعا کی گئی۔