xمحمد تسکین
بانہال// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک وفد نے بانہال کا دورہ کیا اور تجارتی برادری کے لوگوں سے مختلف امورات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ بانہال ٹریڈرس فیڈریشن نے کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن میں شمولیت اختیار کی تاکہ آر پار کے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔ سرینگر سے آئے اس وفد کی سربراہی فیڈریشن کے صدر حاجی محمد یاسین خان کر رہے تھے جبکہ وفد میں وادی کشمیر کے دس اضلاع سے تعلق رکھنے والے کشمیر ٹریڈرس فیڈریشن کے ذمہ دار اور ضلع صدور بھی شامل تھے ۔ اس موقع پر بانہال ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور دکانداروں نے کشمیر سے آئے وفد کا والہانہ استقبال کیا ۔ بانہال ٹریڈرس ایسو سی ایشن کے صدر شاداب احمد وانی نے کہا کہ ان کی ایسوسی ایشن نے کشمیر ٹریڈرس فیڈریشن کے ساتھ ہاتھ ملایا اور اب بانہال ٹریڈرس ایسوسی ایشن ، کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کا حصہ بن گئی ۔ اس موقع پر بانہال اور وادی کشمیر کے درمیان بیوپار کو بڑھاوا دینے اور بانہال کے دکانداروں کو کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دھانی کرائی گئی ۔اپنے خطاب میں بانہال ٹریڈرس ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر شاداب وانی نے کہا کہ وہ اور پورا بانہال کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے جموں و کشمیر کے تاجروں کے متحد ہونے میں کامیابی سے اپنا کام انجام دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال ٹریڈرس ایسوسی ایشن کی کشمیر ٹریڈرس فیڈریشن کے ساتھ شمولیت محض علامتی نہیں ہے بلکہ یہ اس بات کو یقینی بنانے کی طرف ایک عملی اور طاقتور قدم ہے کہ بانہال کی کاروباری برادری کی آواز ہر متعلقہ پلیٹ فارم پر سنی جاسکے گی کیونکہ اب ہماری ایسوسی ایشن کی پشت پر جموں وکشمیر کے تاجروں کی بڑی آواز کشمیر ٹریڈرس فیڈریشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی موقع ہے کہ ہم سب ساتھ مل کر اپنے خطے میں اقتصادی استحکام، کاروبار دوست پالیسیوں اور روایتی تجارتی اقدار کے تحفظ کے لیے کام کریں ۔اپنے خطاب میں کے ٹی ایم ایف کے صدر حاجی محمد یاسین خان نےفیڈریشن کی شمولیت اور اتحاد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بانہال کی مارکیٹ سرینگر اور اننت ناگ کے شہروں سے تجارتی معاملات میں جڑ کر سرینگر میں رائج قیمتوں کے مطابق اپنے کاروبار کو بڑھاوا دے سکتے ہیں اور اس کیلئے یہاں کے صدر شاداب احمد وانی کو مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بانہال فیڈریشن کو اپنے خاندان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے معاشی ماحول میں کاروباری برادری کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو گیا ہے کہ وہ ایک ساتھ کھڑے ہوں اور ایک آواز میں بات کریں اور پورے جموں و کشمیر میں تاجروں، صنعت کاروں، اور نوجوانون کیلئے ملکر کام کریں ۔ اس وفد میں حاجی محمد یاسین خان کے علاوہ اعجاز صوفی، قاضی توصیف، عبد الطیف صوفی،نثار شاہد اور رفیق احمد زرگر قابل ذکر تھے ۔