سرینگر//محرم الحرام کے سلسلے میں انتظامات کے بارے میں ممبران سے صلح مشورہ کرکے لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے ا تحادالمسلمین کے اہتمام سے دار الانصار نوا کدل میں ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت سرپرست اعلیٰ مولوی محمد عباس انصاری منعقد ہوا۔ اس موقعہ پر صدر اتحاد المسلمین مولا نا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ تنظیم اپنی مقدور بھر استطاعت کے مطابق محرم الحرام کے پروگراموں کے پرامن انعقاد کے لئے بھرپور کوشش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حسب سابقہ امسال بھی تعزیتی مجالس، جلسہ و جلوس بڑی شان و شوکت و مثالی نظم ضبط سے مرتب کرکے نکالے جائیںگے۔انہوں نے اعلان کیا کہ 8 محرم کو علم شریف کا جلوس ہزار رکاوٹوں کے باوجود ہر صورت میں نکالا جائے گا۔ مولانا محمد عباس انصاری نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حسینی جلوسوں پر لگا تار پابندی جاری رکھے ہوئے ہیں اوردوسری طرف سارے کشمیر میں حسینی جذبہ سے شر شار عوام کو ایام متبرک کے دوران کسی بھی طرح کی کوئی سہولیت بہم رکھنے میں بری طرح ناکام ہو رہے ہیں البتہ ریڈیو اور ٹیلی ویثرن کے ذریعہ شور شرابہ کرکے صرف اور صرف انتشار پیدا کیا جاتا ہے مولانا عباس انصاری نے عوام الناس سے اپیل کی کہ ان ایام متبرکہ کے دوران آپسی بھا ئی چارہ، اُخوت اور یکسانیت کا ماحول پیدا کرکے اصلی حسینی پیروکار ہونے کا ثبوت دیں۔