نئی دلی// کشمیر میں مظاہرین سے نمٹنے کیلئے اب پیلٹ ،پاوا اور دیگر اسلحہ کے ساتھ ساتھ مختلف مصالحہ جات سے تیار کئے جانے والا لعابی گرنیڈ اختیار کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔یہ لعابی گرنیڈ آنکھوں میں جلن پیدا کرنے کے علاوہ جلد میں خارش کا موجب بن سکتا ہے ۔یہ دستی بم جوکہ آنکھوں میں جلن پیدا کرتا ہے ،اب فورسز کشمیر میں مظاہرین پر استعمال کرنے کی تجویز ہے اور یہ نیا اسلحہ آنے کے بعد بھی پیلٹ گنوں کا استعمال جاری رہے گا تاہم پلٹ گنوں کا استعمال اس وقت کیا جائے گا جب دیگر مہلک ہتھیار مظاہرین پر قابو پانے میں ناکام ہونگے ۔ذرائع کے مطابق صورتحال سے نمٹنے کیلئے گولی چلانے کا حکم ایک آخری حربے کے طور پر ہوگا ۔اسلعابی گرنیڈ کے استعمال کی تجویز مرکزی وزارت داخلہ کے سیکرٹری راجیو مہریش کی صدارت میں ہوئی ایک میٹنگ میں سامنے آئی ۔یہ میٹنگ سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے ایک دن بعد ہوئی جس میں کہا گیا ہے کہ پیلٹ گنوں کا استعمال موت و حیات سے جڑا ہوا مسئلہ ہے لہٰذا اسکے متبادل تلاش کئے جائیں ۔اس نئے اسلحہ کو فورسز کے حوالے کئے جانے سے پہلے اس کی جانچ ہوگی اوربعد میں فورسز اسے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے استعمال کرسکتے ہیں ۔