دبئی/ہندوستانی ٹیم نے کافی دنوں سے ٹی-20 میچ نہیں کھیلا ہے، لیکن ہندوستان کے طوفانی بلے باز ابھشیک شرما دنیا کے نمبر 1ٹی20 بلے باز بن گئے ہیں۔ آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں ابھشیک نے آسٹریلیا کے سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ طویل مدت سے اس فارمیٹ میں نمبر 1رینکنگ حاصل کئے ہوئے تھے، لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی-20 سیریز میں ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں۔ اس کا نقصان انھیں اٹھانا پڑا اور ابھشیک شرما سے وہ پیچھے کھسک گئے۔ ابھشیک کے اس وقت 829ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور ٹریوس ہیڈ 814 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔دیگر بلے بازوں کی بات کریں تو ہندوستان کے تلک ورما تیسرے نمبر پر اور ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو چھٹے مقام پر قابض ہیں۔ آسٹریلیا کے جوش انگلس نے 6 بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ-10 میں انٹری کر لی ہے۔ ہندوستانی سلامی بلے باز یشسوی جیسوال ٹاپ-10 کی لسٹ سے باہر ہو کر گیارہویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔