سرینگر//حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی، دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین، ماس مومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی ،پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان ، کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب ، مسلم لیگ نے آری باغ نوگام میںمارے گئے لشکر کمانڈر ابواسمایل اور ابوقاسم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے نوجوانوں نے جو قربانیاں پیش کی ہے،وہ کسی بھی صورت میں رائیگاں نہیں جائے گی۔انہوںنے کہاکہ کشمیری قوم ایک جائز مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہی ہے اور اس راہ میں دی جانے والی قربانیاں ہماری مبنی برحق جدوجہد کا انمول سرمایہ ہے۔ انہوںنے الزام عائد کیا ’’کہ دونوں جنگجوکسی معر کہ میں نہیں مارے گئے گئے بلکہ زیر حراست اُن کا بہمانہ قتل کیا گیا‘۔ ناہیدہ نسرین نے پریس فوٹو گرافر کامران یوسف کی گرفتاری کی مذمت کی۔
قربانیاں ضرور رنگ لائینگی: صلاح الدین
مظفر آباد// حزب المجاہدین سربراہ اور جہاد کونسل چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ’’ جد و جہد آزادی جاری ہے ،قربانیوںکا راستہ ہم نے اختیار کیا ہے ،انشااللہ کامیابی ضرور ملے گی یہ اللہ کا وعدہ ہے‘‘۔متحدہ جہاد کونسل کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صلاح الدین نے ابو اسماعیل اور ابو قاسم کو زبردست خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ’ ان کا خون ضائع نہیں ہوگا،عسکریت پسندوں نے کشمیر ،اسلام اور آزادی کے لئے قربانی کا راستہ اختیار کیا ہے اور اس راستے کا انتخاب کرنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے،اُن کا خون دیر سویر ضرور رنگ لاتا ہے‘۔صلاح الدین نے کہاکہ جنگجوئوں کا مقدس لہو رنگ لائے گا اور جموں و کشمیر ضرور آزاد ہوگا۔اجلاس میں ابو اسماعیل، ابو قاسم اور ہفتہ رفتہ کے شہداء کی بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دشمن کی تمام بیرونی و اندرونی سازشوں اور حربوں کے باوجود جد و جہد آزادی پوری قوت سے جاری رہیگی ۔