درشن کے بعد 1726یاتریوں کا 54گاڑیوں میں جموں کا سفر
محمد تسکین
بانہال//جمعہ کے روز رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں علی الصبح ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم دن بھر کا موسم ابر آلود رہا اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی خلل کے جاری رہی ۔جمعہ کے روز مسلسل دوسرے دن بھی ا
مرناتھ یاترا کو جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے معطل رکھا گیا تھا تاہم پہلگام کے ہمالیائی پہاڑوں میں پوتر گھپا کے درشن کے بعد امرناتھ یاتریوں کے پہلگام اور بالتل کے راستے واپس آنے والے دونوں قافلوں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت تھی اور اس کیلئے موسمی خرابی اور یاترا ٹریک کی مرمت کو وجہ بتایا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ کے روز شاہراہ پر معمول کا ٹریفک جاری رہا اور مسافر گاڑیوں نے دوطرفہ ٹریفک میں جبکہ مال بردار گاڑیوں نے جموں سے وادی کشمیر کا سفر کیا ۔ انہوں نے کہا موسمی خرابی کے پیش نظر جموں سے کشمیر کی طرف جانے والی امرناتھ یاترا کو دوسرے روز بھی جموں میں ہی معطل رکھا گیا تاہم پہلگام اور بالتل کے راستے درشن کرکے واپس آنے والے یاتریوں نے جموں کا سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے روز امرناتھ گپھا سے بال تل کے راستے واپس آنے والے 1633یاتریوں نے 49گاڑیوں میں جموں کا سفر کیا جبکہ پہلگام کے راستے 49 امرناتھ یاتریوں نے 5گاڑیوں میں سوار ہوکر جموں کا سفر کیا ۔ انہوں نے یاترا ٹریفک کے علاوہ مسافر اور مال گاڑیوں کو پہلے ہی سے مقرر اوقات کے مطابق اپنی اپنی منزلوں کی طرف جانے کی اجازت تھی اور بیشتر مسافر گاڑیوں نے رام بن ضلع کو پار کیا تھا اور جمعہ شام تک مال بردار ٹرک اور ایندھن بردار ٹینکر وادی کشمیر کی طرف بڑھ رہے تھے۔