عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے عین مطابق 4اور 5جنوری کی درمیانی شب پہلے ہلکی بارش اور اسکے بعد صبح سے شمالی کشمیر میں برفباری کا آغاز ہوا۔اسکے بعد شہر سرینگر سمیت وسطی کشمیر میںہلکی بارش اور شام سے ہلکی برفباری شروع ہوئی۔سرینگر شہر سمیت کشمیر کے بیشتر حصوں میں اتوار کو برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوا کیونکہ جموں و کشمیر کی گرمائی دارالحکومت میں پارا مسلسل دوسرے دن بھی نقطہ انجماد کے قریب رہا۔حکام نے بتایا کہ شہر سرینگر میں سہ پہر کو ہلکی بارش کا آغاز ہوا لیکن شام کے بعد برفباری شروع ہوئی۔ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ، بارہمولہ اور کپواڑہ اضلاع کے کئی علاقوں اور وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع کے کچھ حصوں میں صبح کے وقت برف باری ہوئی۔وادی کے دیگر مقامات، کوکر ناگ، پہلگام، قاضی گنڈ،یوس مرگ، پیر کی گلی، دودھ پتھری اور گلمرگ میں بھی برفباری ہوتی رہی۔کنزر، ٹنگمرگ، رفیع آباد میں بھی برفباری ہوئی۔تاہم جنوبی کشمیر کے چند علاقوں میں دن میں بارشیں ہوئیں۔برفباری کے چلتے پولیس نے ایڈوائزری جاری کی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے دی گئی موسمی صورتحال اور سیاحتی مقامات میں سڑکوں کے چیلنجنگ حالات کے پیش نظر، بڈگام پولیس نے عام لوگوں اور سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں دودھ پتھری اور یوس مرگ سیاحتی مقامات پرسفر کے دوران بہت محتاط رہیں۔ادھربرفباری سے قبل ہی پیر کی گلی، سنتھن ٹاپ،لداخ اور گریز شاہرائیں بند پڑی ہیں۔ادھراتوار کی صبح گہری دھند اور دن بھر موسم ابر آلود اور ہلکی بارش و برفباری کے بعدسرینگر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن دن بھر معطل کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ گھنی دھند اور کمزور حد نگاہ کی وجہ سے اتوار کو سرینگر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ دن کے لیے تمام طے شدہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں کیونکہ کم مرئیت کی وجہ سے ہوائی جہازوں کا اترنا یا ٹیک آف کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔اس سے قبل صبح کے وقت دھندکے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر10 پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا نے بتایا “سرینگر ہوائی اڈے پر صبح سویرے مرئیت 50 میٹر تھی، جس نے ہوائی ٹریفک کو متاثر کیا ،تمام ایئر لائنز نے صبح 10 بجے کے بعد اپنی پروازوں کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا، “۔اہلکار نے بتایا کہ مرئیت میں معمولی بہتری کے ساتھ، اب تک 10 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔گھنی دھند کی وجہ سے ہفتہ کو بھی ہوائی اڈے پر آپریشن متاثر ہوا، جس کی وجہ سے پروازوں میں تاخیر اور رخ موڑنا پڑا۔ادھر وادی میں رات کے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ قصبے میں منفی 8.1 ڈگری سیلسیس پر جم گیا۔موسمیات نے کہا کہ سرینگر میں، پارہ منفی 2.5 ڈگری سیلسیس کے نیچے رہا۔گلمرگ میں منفی 4 اورپہلگام میں منفی 3.2 ،قاضی گنڈمیں منفی 3.6 اورکپوارہ میں منفی 2.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔