محمد تسکین
بانہال//پچھلے کئی روز سے خراب موسمی صورتحال کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کی صبح سے دوپہر تک دھوپ نکلی تاہم دوپہر بعد سے موسم ابر آلود ہوگیا اور گرج چمک کے ساتھ دور پہاڑوں پر بارشوں کی ہلکی فوار بھی ہوئی ہے ۔اس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مسافر گاڑیوں نے دونوں طرف کے ٹریفک میں جبکہ مال برادر ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں نے یکطرفہ ٹریفک میں جموں سے سرینگر کا سفر کیا ۔ٹریفک پولیس حکام نے جمعرات شام بتایا کہ ابرآلود موسم کے بیچ ٹریفک کی روانی کا سلسلہ شام تک جاری تھا اور شاہراہ پر ٹریفک ایڈوائزری اور اوقات کے مطابق ٹریفک منزلوں کو بڑھ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس اور بانہال کے درمیان شاہراہ کی حالت کئی مقامات پر خراب ہے اور اس وجہ سے متعدد مقامات پر ٹریفک کی روانی سست رفتار ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیفٹریا موڑ سمیت شاہراہ کے کئی مقامات پر سڑک جہاں یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے وہیں آئے روز بیچ سڑک کے روزانہ کئی کئی گاڑیوں کے خراب ہونے اور گوجر بکروالوں کنبوں کی مال مویشی سمیت کشمیر کی طرف کی جانے والی ہجرت سے ٹریفک جام اور ٹریفک کی رفتار کو سست رو کرنے میں اضافے کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ انہوں نے گاڑی والوں سے اپیل کی کہ وہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں قطاروں میں ہی گاڑی چلائیں اور ٹریفک ایڈوائزری اور قوانین پر عمل کے مطابق ہی شاہراہ پر نکل آئیں۔