عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر// صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے ہفتہ کو گپکار، بلیوارڈ اور فورشور روڈوں کے علاوہ کشمیر یونیورسٹی کے ترقیاتی پروجیکٹوں کے انتظامات اور اس پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وسیع دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر سری نگر، کمشنر ایس ایم سی، SP ٹریفک سٹی سری نگر،محکمہ تعمیرات اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے بڑی سڑکوں کا معائنہ کیا اور شاخوں کی کٹائی، روڈ ڈیوائیڈرز کی پینٹنگ، فٹ پاتھوں پر گھاس کی کٹائی، درختوں کے تنوں کو سفید رنگ کرنے، ملبہ اور پتوں کے ڈھیروں کو ہٹانے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایت کی۔انہوں نے ائیرپورٹ سے کشمیر یونیورسٹی تک کے راستے کی خوبصورتی کے لیے عملہ اور مشینری سمیت وسائل کو متحرک کرنے پر زور دیا تاکہ جمالیاتی احساس اور موجودہ دلکش منظر کو بڑھایا جا سکے۔انہوں نے افسران اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں تیزی لائیں جن میں فورشور روڈ کے ساتھ ٹائلنگ، پرینکٹ ڈویلپمنٹ، میکڈمائزیشن اور فورشور روڈ پر ایس ٹی پی میں سڑک سے مٹی کے ٹیلوں کو صاف کرنا شامل ہے۔کشمیر یونیورسٹی میںصوبائی کمشنرنے کانووکیشن کے انعقاد کے انتظامات کا معائنہ کیا۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو یونیورسٹی کے احاطے میں پارکنگ ایریا کے انتظامات اور مختص کرنے کا ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی۔